سعودی پرچم کے تخلیق کار صالح بن سعد المنصوف انتقال کر گئے

پیر 13 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی خطاط صالح بن سعد المنصوف نے سعودی عرب کے پرچم پر سفید رنگ سے کلمہ طیبہ اور تلوار کو ڈیزائن کیا تھا۔ المنصوف 86 برس کی عمر میں سعودی عرب کے پرچم کے قومی دن کے دو دن بعد انتقال کر گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق المنصوف پہلے سعودی خطاط تھے جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور پرنٹنگ کی سہولیات نہ ہونے کے باوجود 1960 کی دہائی کے اوائل میں سفید رنگ سے سعودی عرب کے پرچم پر تلوار اور کلمہ طیبہ اپنے ہاتھ سے لکھنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

صالح المنصوف ان پہلے خطاطوں میں سے تھے جن کے ہاتھ کی لکھائی امام محمد بن سعود یونیورسٹی کے متعدد فارغ التحصیل طلبہ کے سرٹیفکیٹس پر بھی تھی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے رواں ماہ 11 مارچ کو یوم پرچم منانے کا فرمان جاری کیا تھا۔ شاہی حکم میں کہا گیا تھا کہ یوم پرچم ہر سال گیارہ مارچ کو قومی سطح پر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔

تصویر بشکریہ: سعودی گزیٹ ٹوئٹر

شاہ سلمان نے کہا تھا کہ 24 ذوالحجۃ 1355 ہجری بمطابق 11 مارچ 1937 کو شاہ عبدالعزیز نے قومی پرچم کی توثیق کی تھی جو آج ہم سب کے سامنے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp