افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز، پاکستانی ٹیم کی قیادت کون کرے گا؟ کھلاڑی الجھن کا شکار

پیر 13 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم 24 مارچ سے 27 مارچ تک شارجہ میں افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کھیلے گی، اس سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کون کرے گا ؟ اس بارے میں کھلاڑی الجھن کا شکار ہوگئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی کے سلیکشن کمیٹی نے افغانستان کے خلاف سیریز میں بابر اعظم کو آرام کروانے کا فیصلہ کیا ہے ، بابر اعظم کے آرام کرنے کی صورت میں شاہین آفریدی کپتان ہوں گے۔

اس حوالے سے پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان لاعلم نکلے ۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک صحافی نے شاداب خان سے سوال کیا کہ کیا افغانستان کے خلاف سیریز میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام دے کر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنایا جارہا ہے؟

سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ معلوم نہیں کہ بابر اعظم، محمد رضوان یا انہیں آرام کروایا جا رہا ہے، ایسی کوئی بات ہوتی تو ہمیں بتایا جاتا۔

شاداب خان نے کہا کہ میں نے بابر اعظم سے بھی رابطہ کر کے پوچھا ہے، انہیں بھی اس بارے میں کچھ نہیں معلوم، اگر ہمیں آرام کروایا جا رہا ہے تو بتایا جاتا۔

دوسری جانب یہ بھی خبر ہے کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی کپتان فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی سے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے کی پیشکش کی ہے۔

چیئرمین پی سی بی کی پیشکش کے جواب میں شاہین شاہ آفریدی نے افغانستان کے خلاف ٹی 20سیریز کی قیادت کرنے کے لیے ہامی بھی بھر لی ہے۔

سابق چیئرمین پی سی بی رامیر راجہ نے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اس ممکنہ فیصلے کی سختی سے مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کے کلیدی کھلاڑیوں بابر، شاداب اور شاہین کو کپتانی کی جنگ میں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا نہ صرف ماحول کو تباہ کر دے گا بلکہ بابر اعظم کی قیادت میں بنی عظیم وائٹ بال کہانی کو ختم کر دے گا۔

رمیز راجہ نے کہا کہ پلیز! تاریخ سے سیکھیں کیونکہ 90 کی دہائی میں پاکستان کرکٹ کو اسی طرح تباہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان آج ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp