پی پی کا پنجاب میں آئینی عہدوں کے لیے ووٹ ن لیگ کو دینے کا اعلان

ہفتہ 24 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنما علی حیدر گیلانی نے پنجاب اسمبلی میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیر اعلیٰ کے عہدوں کے لیے ن لیگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں ہفتہ کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کی پارلیمانی پارٹی کا آج پہلا اجلاس تھا، ہمارے 14 اراکین اجلاس میں موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی کے حکم پر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور وزیر اعلیٰ کے لیے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا جائے گا، پی پی پی نے ایک بہترین الیکشن لڑا، ہم ہر جگہ پر پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام بہت دکھی ہیں اور تکلیف میں ہیں اوپر سے عوام مہنگائی کی وجہ سے بھی بہت پریشان ہیں، ہمیں  اپنی رنجشیں بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا، ہمارا عزم ہے کہ ہم عوام کی خاطر دن اور رات ایک کر دیں گے، پارلیمانی پارٹی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی ساؤتھ پنجاب کے عوام کی آواز اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 21 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں، پیپلز پارٹی اس بات پر خوشی محسوس کر رہی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایک خاتون بننے جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp