SIFCنے پاکستان کی سرمایہ کاری کا منظر نامہ تبدیل کر دیا

ہفتہ 24 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے پاکستان کی سرمایہ کاری کا منظر نامہ تبدیل کر دیا ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت آئی ٹی، زراعت، متبادل توانائی اور معدنیات کوغیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی شعبوں کے طور پر چنا گی اہے۔ پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار ہیوسٹن، کیلیفورنیا اور امریکا کے دیگر حصوں میں مختلف چیمبرز آف کامرس اور کاروباری اداروں کے سربراہوں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کے دوران کیا۔

ورچوئل ملاقات کاروباری تنظیموں اور تجارتی اداروں کو جوڑنے اور پاکستان اور امریکا کے درمیان کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مطلوبہ ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے سفارت خانے کی جانب سے اٹھائے جانے والے خصوصی اقدام کی کڑی تھی۔

ورچوئل اجلاس میں پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے ہیوسٹن کے صدر عامر پپرانی، چیئرمین پی اے سی سی لاس اینجلس کیلیفورنیا وقار علی خان، صدر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن محمد سعید شیخ، صدر جارجیا پاکستان بزنس کونسل عمران نیازی،ْ معروف امریکی کمپنی کعبہ فیوژن کے سی ای او ڈاکٹر سہیل مسعود، ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ احمد چنائے اور دیگر معروف کاروباری شخصیات بشمول عثمان ارشد، سید ایف اسماعیل، مقصود، افشاخان، مقصود علی اور لاس اینجلسوہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل اور شعبہ تجارت کے افسران بھی موجود تھے۔

پاکستان کے سفیر نے امریکا میں پاکستانی تاجر برادری کو خراج تحسین پیش کیا جو پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے اور مادر وطن میں اپنا سرمایہ لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی اداروں کے مابین روابط بڑھانے کے لیے سفارت خانے کے اقدام کا مقصد بہتر اقتصادی نتائج کے لیے ایک مضبوط نیٹ ورک بنانا ہے۔

دو طرفہ تجارت کے فروغ کی کوششیں

چیئرمین پاکستان چیمبر آف کامرس عامر پپرانی نے شرکا کو بتایا کہ پی اے سی سی گزشتہ 27 سالوں سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، ایسوسی ایشن کے زیراہتمام دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے باقاعدگی سے ٹریڈ شوز، نمائشیں اور سیمینارز کا انعقاد ہو رہا ہے، رواں سال اکتوبر میں تجارتی نمائش کے انعقاد کے حوالے سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ اشتراک کار جاری ہے۔ انہوں نے ایکسپو کے کامیاب انعقاد کے لیے شرکا سے تجاویز بھی طلب کیں۔

کعبہ فیوژن پاکستان میں ہوم انفیوژن سروسز بھی متعارف کررہا ہے

معروف کاروباری اور فلاحی سرگرمیو ں سے منفرد شناخت حاصل کرنے والے کعبہ فیوژن کے سی ای او ڈاکٹر سہیل مسعودنے اپنی کامیابی کے سفر سے شرکاکو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر سہیل مسعود ہوم انفیوژن انڈسٹری کے بانی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صحت عامہ کے شعبے میں پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کعبہ فیوژن نے پاکستان میں بھی اپنا دفتر قائم کیا ہے۔ کعبہ فیوژن پاکستان میں ہوم انفیوژن سروسز بھی متعارف کررہا ہے۔ اس سے عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات فراہم ہونگی اور ہیلتھ کئیر سے وابستہ افراد کے لیے روزگار کے وسیع مواقع بھی فراہم ہوں گے۔

سی ای او ٹی ایس آئی انجنیئرنگ اور یو ای ٹی سے فارغ التحصیل مقصود علی نے بتایا کہ انہوں نے یو ای ٹی کے لئے گزشتہ ماہ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کے فنڈ اکٹھے کیے۔

صدر ہیوسٹن-کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن محمد سعید شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں انہوں نے شرکاءکو پاکستان اور امریکہ کے کاروباری اداروں کو باہم جوڑنے اور پاکستان کے نوجوانوں کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ڈائریکٹر پاکستان سٹاک ایکسچینج لمیٹڈ احمد چنائے نے پاکستان میں نئے اور موجودہ کاروباری مواقع کو اجاگر کیا جہاں کاروباری برادری زبردست منافع حاصل کر رہی ہے۔انہوں نے خصوصی طور پر مالیاتی بلز اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ضمن میں حاصل ہونے والے منافع کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر دیگر شرکانے بھی خطاب کیا اور ملک کی معاشی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سفیر مسعود خان نے پاک امریکا تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کاروباری برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل اعتماد کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp