دبئی سے اسلام آباد پرواز: نشے میں دھت مسافر کون تھا؟

پیر 26 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہوائی جہازوں میں اکثر اوقات ایسے واقعات بھی پیش آتے ہیں جن کے بارے میں جان کر حیرانی ہوتی ہے، جیسے آج دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں نشے میں دھت ایک مسافر متشدد ہو گیا جسے ایمریٹس کے کیبن کریونے ہتھکڑیاں لگا کر قابو کیا۔اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی جسے صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہےاور سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آخر وہ مسافر کون تھا اور کیا اسے چھوڑ دیا گیا ہے؟

صحافی عامر متین کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ایک شخص کو ہوائی جہاز میں عملے سے بدتمیزی کرتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد جہاز کا عملہ مسافر کو پیچھے کی طرف دھکیلتا ہے اور اس کے ہاتھ باندھ دیتا ہے جبکہ دوسری ویڈیو میں مسافر کوبندھے ہاتھوں کے ساتھ وہیل چیئر پر جہاز سے باہر لایا جاتا ہے جس پر صارفین کی جانب سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پاکستانی حکام نے اسے جانے دیا کیونکہ شاید مسافر کے تعلقات طاقتور حلقوں سے تھے ۔

 ایک صارف شمع جونیجو لکھتی ہیں کہ امارات کی دوبئی سے اسلام آباد فلائیٹ میں نشے میں دھت پاکستانی مسافر نے اسٹاف سے بدتمیزی کی اور پھر اسے باندھ کر پاکستان لانا پڑا۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر یہ مسافر کون تھا؟

ایک صارف  نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ آخر ہمارا معاشرہ کہاں جا رہا ہے۔

عبدالرحمان لکھتے ہیں کہ جہاز کے عملے کو اس مسافرکا چہرہ دکھانا چاہیے تھا تاکہ لوگ اسے شرمندہ کر سکیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اس مسافر کو سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے۔

 جہاں صارفین نے مسافر کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں ایمریٹس عملے کی بھی تعریف کی اور ان کو سراہتے نظر آئے، چند صارفین نے امید ظاہر کی کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا کیونکہ مسافر کے تشدد سے پوری پرواز کو خطرہ ہو سکتا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp