بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ انہوں نے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کو دیکھا ہے کہ وہ کیسے اپنا اسکرپٹ یاد کرتے تھے اور بار بار اس کو دہراتے تھے۔
مزید پڑھیں
حال ہی میں ایک فورم پر عامر خان نے اپنی پہلی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آئے واقعہ کا ذکر کیا اور بتایا کہ وہ اپنی فلم کی شوٹنگ کے دوران میک اپ روم میں تھے اور ان کے ہمراہ ان کی سابقہ اہلیہ رینا اور چند دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
عامر خان نے بتایا کہ میک اپ روم سے باہر ایک اور فلم کی شوٹنگ جاری تھی، اور اس دوران ہمیں ایک ایکٹر کی آواز سنائی دی جو اپنی لائینیں بار بار پڑھ رہے تھے، انہوں نے ایسا کوئی 100 یا 200 مرتبہ کیا ہوگا۔
عامر خان نے بتایا کہ وہ میک اپ روم سے باہر دیکھنے گئے کہ اتنا محنتی اداکار کون ہوسکتا ہے، اور وہاں امیتابھ بچن کو دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے کیریئر کے آغاز میں امیتابھ بچن جیسے سینیئر اداکار کو اتنی محنت سے اسکرپٹ یاد کرتے دیکھ کر وہ بے حد متاثر ہوئے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ فلم کا سین مکمل کرنے کے بعد امیتابھ بچن نے ڈائریکٹر پرکاش مہرا سے پوچھا، ’میں نے اپنی لائینیں تیزی سے تو نہیں بولیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ یہ ان کے لیے ایک سبق تھا کہ اداکاری کے لیے جتنی بھی تیاری کی جائے کم ہے۔ عامر خان نے کہا، ’معروف ایکٹر چارلی چیپلن بھی 200 سے 300 مرتبہ ریہرسل کرتے تھے، اور میں بھی اپنا اسکرپٹ یاد کرنے اور اس کو بار بار دہرانے پر یقین رکھتا ہوں۔‘