جج نے پی ٹی آئی کے عاطف خان اور شہرام ترکئی کو کمرہ عدالت سے باہر کیوں نکالا ؟

پیر 26 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان اور شہرام ترکئی پشاور ہائیکورٹ میں ضمانت میں توسیع کے لیے آئے تھے اور جسٹس عتیق شاہ کی عدالت میں باری کا انتظار کررہے تھے جب عدالت میں دیگر مقدمات کی سماعت جاری تھی۔

سماعت کے دوران عاطف خان اور شہرام ترکئی کی وکلاء کے ساتھ بات چیت جسٹس عتیق شاہ کی برہمی کا سبب بنی، جسٹس عتیق شاہ نے دونوں رہنماؤں کو کمرہ عدالت سے باہر نکلنے کا حکم دیا۔

جسٹس عتیق شاہ کا کہنا تھا کہ کمرہ عدالت میں بات چیت کی اجازت نہیں، یہ اسمبلی اجلاس نہیں، کمرہ عدالت ہے۔ ’آپ دونوں باہر جائیں، جب کیس کا نمبر آئے گا، آپ کو بلا ئیں گے، عدالتی حکم پر عاطف خان اور شہرام ترکئی معذرت کرتے ہوئے باہر چلے گئے۔

پشاور ہائی کورٹ میں عاطف خان اور شہرام ترکئی کی مقدمات تفصیل کے لئے کیس کی سماعت جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس وقار احمد نے کی۔ سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ عاطف خان اور شہرام ترکئی کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے 2 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی پروسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ نیب میں بھی ان کے خلاف ایک شکایت درج ہے، سماعت کے دوران عدالت نے عاطف خان اور شہرام ترکئی کے خلاف مقدمات کی رپورٹ 3 روز میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک درخواست گزاروں کو گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے عاطف خان اور شہرام ترکئی کی ضمانت میں توسیع پر دائر درخواست کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے محروم کرنے کی کوشش ؟

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے موقف اپنایا کہ عام انتخابات میں عوام نے مینڈیٹ پی ٹی آئی کو دیا تھا، شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ وفاق میں اکثریت پی ٹی آئی کی تھی جبکہ مخصوص نشستوں کا معاملہ اب تک الیکشن کمیشن میں زیر التواء ہے، مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہ ہونے سے اسمبلی کا کورم پورا نہیں ہے۔

عاطف خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ایک بڑی تعداد میں مخصوص نشستیں ہے، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت صدر اور سینیٹ کا الیکشن ہونا ہے اس لیے مخصوص نشستوں کا معاملہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ ’خدشہ ہے کہ مخصوص نشستں پی ٹی آئی کو نہ ملے لیکن ہم اس کے لیے جدو جہد کریں گے۔‘

عاطف خان کے مطابق مذکورہ تمام انتخابات میں مخصوص نشستوں کا ایک اہم کردار ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود بھی عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی، سیاسی لوگوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے گا تو سیاسی معاملات آگے بڑھیں گے۔

عاطف خان کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان آئین کے مطابق کام کریں گے، آرٹیکل 6 صدر پر نہیں ن لیگ والوں پر لگانا چاہیے، رہنما تحریک انصاف کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آئندہ 2 سے 3 روز میں طلب کرلیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp