جاوید آفریدی نے بابر اعظم کو گاڑی دے کر عارف یعقوب کو چلّے پر بھیج دیا

منگل 27 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف سنچری سکور کرنے پرپشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی جانب سے بابراعظم کو گاڑی کا تحفہ دیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ9 ( پی ایس ایل) کے 13ویں میچ میں 111 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیل کر بابر اعظم نے مداحوں کے ساتھ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا بھی دل جیت لیا۔ جاوید آفریدی نے بابراعظم کو پاکستان میں تیار ہونیوالی نئے ماڈل کی گاڑی ’ ایم جی ایسنس ‘تحفے میں دے دی جس کی قیمت تقریبا 81 لاکھ پاکستانی روپے بتائی جاتی ہے۔

جاوید آفریدی کا سوشل میڈیا پرپیغام میں کہنا تھا کہ اس ماڈل کو پہلی بار بابر اعظم ڈرائیو کریں گے، گاڑی پاکستان میں تیار کی گئی ہے۔

بابر اعظم کو گاڑی تحفے میں ملنے کے بعد پاکستان کے پریزینٹرفخر عالم نے اپنے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کی جانب سے شاندار اننگز کھیلنے پر جاوید آفریدی نے ان کو گاڑی تحفے میں دینے کا اعلان کیا لیکن جاوید آفریدی سے ایک درخواست ہے کہ پشاور زلمی کے عارف یعقوب کے لیے بھی ایک ’ ایم جی ایسنس‘ ہونی چاہیے کیونکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں 4 وکٹیں لینے پر وہ بھی اس گاڑی کے حقدار ہیں. انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جاوید آفریدی اس پر غور و فکر کریں گے۔

فخر عالم کی درخواست پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے سماجی رابطے کی سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مولانا نے تو دل جیت لیا فخر بھائی۔ انشاءاللّہ پہلے مولانا کو چلے یا چارمہینے کی تشکیل کرواتے ہیں۔

واضح رہے کہ پیر کو کھیلے گئےسنسنی خیز مقابلے میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بابر اعظم کی بیٹنگ اور عارف یعقوب کی عمدہ بولنگ کی بدولت 8 رنز سے شکست دے دی ،عارف یعقوب نے 4اوورز میں 27 رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بابراعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں 63 گیندوں پر 14 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 111 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp