آپ کی حفاظت ہماری ترجیح: معروف برینڈ کا کسٹمرز کو اپنے کپڑے نہ پہننے کا مشورہ

منگل 27 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں توہین مذہب کے الزام میں مشتعل ہجوم کی جانب سے کسی پر تشدد کرنے کے واقعات نئے نہیں ہیں۔ پاکستان میں آئے روز ایسا کوئی نہ کوئی واقعہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیش آیا جہاں اچھرہ بازار میں شاپنگ کے لیے آئی خاتون پر مشتعل ہجوم کی جانب سے توہین مذہب کا الزام لگایا گیا، خاتون پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان کے لباس پر قرآنی آیات لکھی گئی ہیں۔

بعدازاں پولیس کی حفاظت میں بیٹھ کر خاتون نے معافی مانگی اور مقامی علما کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ خاتون کی قمیض پر کوئی قرآنی آیت نہیں تھی بلکہ مذکورہ خاتون نے جو لباس پہن رکھا تھا اس پر عربی حروف میں ’حلوہ‘ لفظ پرنٹ تھا۔ عربی زبان میں حلوہ کے معنی حسین، خوبصورت اور میٹھے کے ہیں۔

اس واقعے کے بعد پاکستان میں کپڑوں کا مشہور برینڈ منٹو بھی زیرِ بحث آیا جو اپنے سکارف اور چادروں پر عربی حروف تہجی کی وجہ سے مشہور ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ایک برانڈ جس کی وجہ شہرت ہی یہ کیلی گرافی اسٹائل ہے وہ کیا کرے گا اور کیا اس برانڈ کے کپڑے پہن کر معاشرے میں نکلیں گے تو مذہبی انتہا پسند ان کو بھی موت کی دہلیز تک پہنچا دیں گے۔

ان سب سوالات کے بعد مشہور پاکستانی برانڈ منٹو نے اپنے گاہکوں کے لیے سوشل میڈیا سائیٹ انسٹاگرام پر چند سٹوریز شیئر کیں جس میں کہا گیا تھا کہ انھیں حال ہی میں ہونے والے اس واقعے کا افسوس ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اس دل دہلا دینے والے مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ منٹو نے کسٹمرز کے لیے دیے جانے والے پیغام میں کہا کہ ایک انسان کے طور پر آپ کی حفاظت ہی ہماری ترجیح ہے اور اگر کسی بھی موقع پر آپ ’منٹو ‘کا لباس پہنتے ہوئے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں تو براہ کرم اس طرح کے لباس کو سائیڈ پر رکھ دیں۔ ہم کسی بھی قیمت پر یہ نہیں چاہیں گے کہ آپ کی جان کو خطرے میں ڈالیں۔

 

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Manto Store (@wearmanto)

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے تمام مذاہب ہمیں یہی سکھاتے ہیں کہ خواتین کے خلاف تشدد ناقابل قبول ہے۔ ہر عورت اس بات کی مستحق ہے کہ وہ خود کو محفوظ محسوس کرے۔

منٹو برانڈ کی جانب سے شیئر کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ ہم شعوری طور پر ایسے الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرتے ہیں جن کے دوہرے معنی ہوسکتے ہیں۔ منٹو کے ڈیزائن میں کوئی ایسی شاعری یا الفاظ شامل نہیں ہیں جو براہ راست یا بالواسطہ طور پر مذہب کا ذکر یا ہو۔

برانڈ منٹو نےاپنے کسٹمرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا’ ہم آپ کی محبت اور حمایت کے بے حد شکر گزار ہیں، لیکن براہ کرم محفوظ رہیں اور اپنے آپ کو پہلے رکھیں۔ آپ کی حفاظت ہمارے لیے کسی بھی چیز سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والے نا خوشگوار واقعے کے بعد خاتون نے جس برانڈ کا جوڑا پہنا تھا ان کی وضاحت بھی سامنے آ گئی ہے، برانڈ نے انسٹاگرام پراپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں خاتون کے ساتھ ہونے والے حالیہ واقعے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ ہمارا برانڈ کویت میں ہے اور ہم دنیا کے کسی اور حصے میں ڈیلیوری نہیں کرتے۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ برائے مہربانی ہمیں مسلسل پیغامات بھیجنا بند کریں کیونکہ یہ سلسلہ پریشان کن ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp