لاہور سے کولمبو جانے والی ایک پرواز میں چوہے کو دندناتے دیکھ کر جہاز کے مالکان خوفزدہ ہوگئے اور جہاز کو 3 دن کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق، سری لنکن ایئر لائنز کی پرواز اے 330 میں ایک چوہے کی موجودگی کا پتہ چلنے پر جہاز کو 3 دن کے لیے گراؤنڈ کرنا پڑا، جس کی وجہ سے نقصان میں چلنے والی سری لنکن ایئر لائنز کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق، یہ فلائیٹ لاہور سے سری لنکا کے شہر کولمبو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ چوہے کی موجودگی کا پتہ چلنے پر اس خدشے کے تحت جہاز کو گراؤنڈ کرکے تلاشی کا عمل شروع کیا گیا کہ کہیں چوہے نے جہاز کے اہم حصوں کو چبا نہ لیا ہو۔
ایئر لائنز کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ طیارے نے اب پروازدوبارہ شروع کر دی ہے، تاہم گراؤنڈ ہونے سے پورے شیڈول پر اثر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارے میں تلاش کے دوران چوہے کو مردہ پایا گیا۔
واضح رہے کہ سری لنکن ایئرلائنز کا مارچ 2023 تک مجموعی نقصان 1.8 ارب ڈالر سے زائد تھا اور اس کے 23 طیاروں پر مشتمل فضائی بیڑے میں شامل 3 طیارے ایک سال سے زیادہ عرصے سے گراؤنڈ کیے گئے تھے۔