’آپ کا سارا مینڈیٹ چوری کا ہے‘، ن لیگ اور ایم کیو ایم ملاقات میں کیا باتیں ہوئیں؟

منگل 27 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما مصطفیٰ کمال کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کی گئی گفتگو سامنے آ گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ مصطفیٰ کمال یہ کہہ رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو ہماری ضرورت نہیں، حکومت بنانے کے لیے ان کے نمبر پورے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہاکہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کے ساتھ ہماری میٹنگ تھی، جب ہم وہاں پر گئے تو ایسے لگا کہ ان کو ہماری ضرورت ہی نہیں۔

مصطفیٰ کمال مزید کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے مطابق پیپلزپارٹی یہ کہہ رہی ہے کہ ایم کیو ایم کا 100 فیصد مینڈیٹ جعلی ہے۔ ہمیں حکومت میں ان کی ضرورت نہیں ہے۔

’کل کوئی ہماری بات نہ مانے تو معلوم ہونا چاہیے کہ اصل وجہ کیا ہے‘

ایم کیو ایم رہنما رابطہ کمیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کل کوئی اگر ہماری بات نہیں سنتا تو ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ حکومت بنانے والی جماعتوں کو ہماری ضرورت ہی نہیں۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان حکومت سازی کا فارمولا طے پا گیا ہے مگر ایم کیو ایم کے ساتھ کسی نکتے پر اتفاق نہیں ہو سکا، حالانکہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

اب متحدہ قومی موومنٹ کے پاور شیئرنگ فارمولے پر مسلم لیگ ن کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم پیپلزپارٹی کا موقف ہے کہ ہمیں ایم کیو ایم کو حکومت میں ساتھ نہیں بٹھانا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp