’شکریہ مریم نواز’، کرکٹر محمد عامر وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکر گزار کیوں؟

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار فاسٹ بولر محمد عامر کی شکایت پر پنجاب کی نومنتخب وزیراعلیٰ مریم نواز نے ملتان اسٹیڈیم واقعے پر کرکٹر کو فون کرکے معلومات حاصل کیں۔

محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کی فیملی کے ساتھ اسٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعہ پر مریم نواز نے نوٹس لیا اور اپنا قیمتی وقت نکال کر مجھے فون کیا جس پر میں ان کا شکرگزار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا ’ڈپٹی کمشنر ملتان نے بھی ذاتی طور پر میری غلط فہمی دور کردی ہے۔ میں مریم نواز کی کاوش کو سراہتا ہوں اور آپ کے نئے سفر میں میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں‘۔

یاد رہے کہ اس سے قبل محمد عامر نے ڈپٹی کمشنر ملتان پر میچ کے دوران اپنی فیملی سے بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے مریم نواز سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

محمد عامر نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے تکبرانہ انداز سے گراؤنڈ کی ملکیت کا دعویٰ کیا اور میچ کے دوران انہیں بلاجواز باہر نکال دیا، کرکٹر کا کہنا تھا کہ یونیفارم میں طاقت کا یہ غلط استعمال ناقابل برداشت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp