سندھ میں کس کو کون سی وزارت ملنے کا امکان ہے؟

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سید مراد علی شاہ نے تیسری بار صوبہ سندھ کی وزارت اعلیٰ کا حلف لے لیا ہے، جس کے بعد اب سب کی نظریں ان کی ٹیم کے انتخاب پر مرکوز ہیں، مراد علی شاہ کے حوالے سے کہا یہ جا رہا ہے کہ کارکردگی کے تسلسل کے لیے وہ اپنی پرانی ٹیم پر ہی انحصار کریں گے، اور یہی بات چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی کہہ چکے ہیں کہ صوبے میں ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل بہت ضروری ہے۔

کس کے پاس کون سی وزارت؟

ذرائع کے مطابق اب تک 8 وزارتوں کے حوالے سے معاملات حتمی ہو چکے ہیں، جن میں صوبائی وزیر برائے انفارمیشن اور اس کے ساتھ ٹرانسپورٹیشن کا قلمدان شرجیل انعام میمن کے پاس رہے گا، صوبائی وزیر برائے تعلیم بھی سردار علی شاہ کو ہی رکھے جانے کا امکان ہے، عزرہ پیچہو کے پاس صحت کا قلمدان جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، مکیش چاؤلہ کے پاس ایکسائز، ناصر حسین شاہ کے پاس محکمہ بلدیات، سعید غنی کے پاس محکمہ لیبر اور ضیاء الحسن لنجار کو محکمہ داخلہ کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔

وزیر اعلی سندھ کی ٹیم میں کتنے لوگ ہوں گے؟

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ٹیم میں کتنے لوگ شامل ہوں گے؟ اس حوالے سے ذرائع کے مطابق اب تک فیصلہ نہیں کیا جا سکا لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایک آدھ وزارت کے علاوہ گزشتہ ادوار کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی، اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت میں بھی اتفاق پایا جاتا ہے کہ صوبائی سطح پر ترقی کے لیے کام وہیں سے شروع کیا جائے جہاں پیپلز پارٹی چھوڑ کر گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp