بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اور ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کون ہیں؟

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کی 12ویں اسمبلی میں گزشتہ روز اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے بعد آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس بلایا گیا ہے۔ اجلاس سے قبل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی 12 بجے تک جمع ہوئے، جن کی جانچ پڑتال کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی اسپیکر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئیں۔

کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کون ہیں؟

بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق کا تعلق بلوچستان کےسرحدی شہر چمن سے ہے۔ وہ 1970ء میں چمن شہر میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی جبکہ میٹرک حیدرآباد اورگریجویشن ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد سے مکمل کی۔

کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز 2000ء میں کیا جب وہ چمن میں یونین ناظم منتخب ہوئے اور 3 سال تک اس عہدے پر رہے۔ انہوں نے 2004ء سے 2007ء تک بطور ڈسٹرکٹ ناظم چمن خدمات سرانجام دیں۔

عبدالخالق اچکزئی 2008ء میں ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں چمن سے آزاد حثیت سے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے اور بعد میں مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے 2013ء تک بطور ایم پی اے اور صوبائی وزیر خدمات سرانجام دیں۔ وہ 2018ء سے 2020ء تک وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیرخاص رہے۔

8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات میں کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی آزاد حیثیت سے ایک بار پھر بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 51 چمن سے کامباب ہوئے اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کا دوبارہ اعلان کیا۔

غزالہ گولہ کون ہیں؟

بلوچستان اسمبلی کی نومنتخب ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کا تعلق بلوچستان کے ضلع صحبت پورسے ہے۔ غزالہ گولہ 1952ء میں راولپنڈی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ جوزف کانونٹ اسکول سے حاصل کی جبکہ میٹرک، انٹرمیڈیٹ اور بیچلر کی تعلیم سندھ سے مکمل کی۔ غزالہ گولہ کی 3 بیٹیاں ہیں جبکہ ان کے شوہر انتقال کرچکے ہیں۔

غزالہ گولہ پہلی بار 2008ء میں رکن بلوچستان اسمبلی اور ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی پہلی خاتون وزیر منتخب ہوئیں۔ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں وہ پیپلز پارٹی کی جانب سے مخصوص نشست پر رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہو کر ڈپٹی اسپیکر کے منصب پر فائز ہوئیں۔ غزالہ گولہ بلوچستان اسمبلی کی دوسری خاتون ڈپٹی اسپیکر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp