جنرل عاصم منیر کی خصوصی ہدایت میجر جنرل نورولی خان انسپکٹر جنرل فرنٹیئرکور خیبرپختوخوا نارتھ، شہید ایس پی کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کو خراج تحسین پیش کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے خصوصی احکامات پر آج میجر جنرل نورولی خان نے 27 فروری 2024 کو مردان کے علاقے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے ایس پی اعجاز خان کے گھر گئے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔
مزید پڑھیں
آئی جی ایف سی نے شہید کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید ایس پی اعجاز خان ایک دلیر اورمحب وطن پولیس افسر تھے۔ وہ دہشتگردوں کے خلاف بڑے متحرک رہے اور وطن عزیز سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے اپنی جان قربان کی۔
مفت تعلیم اور 50لاکھ روپے
پاک فوج شہید ایس پی اعجاز خان کی بچیوں کو مفت تعلیم فراہم کرے گی، اس کے علاوہ آئی جی ایف سی نے پاک فوج کی جانب سے شہید ایس پی اعجاز خان کے اہل خانہ کو 50 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا گیا۔
بعدازاں، آئی جی ایف سی نے ریجنل پولیس آفس مردان کا دورہ کیا اور 27 فروری 2024 کو مردان کے علاقے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے ساتھ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔
دہشتگرد پولیس کے حوصلوں کو متزلزل نہیں کر سکتے، آئی جی ایف سی
انہوں نے پولیس کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا کی پولیس گزشتہ کئی سالوں سے پاک فوج کے شانہ بشانہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اور ان کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کی بدولت خیبرپختونخوا میں امن قائم ہوا۔ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلوں کو متزلزل نہیں کر سکتے۔