پنجاب: رمضان میں ایک کروڑ 50 لاکھ خاندانوں کو مفت آٹا دیا جائے گا

پیر 13 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کی نگران کابینہ نے 53 ارب روپے کے خصوصی رمضان پیکیج کے تحت 60 ہزار روپے سے کم آمدن والے ایک کروڑ 50 لاکھ خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کے انقلابی پروگرام کی منظوری دے دی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا دسواں اجلاس ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو مفت آٹے کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا اور اس میں پنجاب حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون حاصل ہے۔

خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت60ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندانوں کو آٹے کے تھیلے مفت دیے جائیں گے اور ایک خاندان رمضان المبارک کے دوران شناختی کارڈ کے ذریعے 10 کلو آٹے کے 3 تھیلے فری لے سکے گا جس سے تقریباً  ایک کروڑ 50 لاکھ خاندان اور 10 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔

مفت آٹے کے پیکیج سے پنجاب کی 90فیصد آبادی مستفید ہوگی

پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کردہ مفت آٹے کے پیکیج سے پنجاب کی تقریباً  90 فیصد آبادی مستفید ہوگی اور مخصوص کریانہ سٹورز، پوائنٹس اور یوٹیلٹی سٹورز پر مفت آٹا دستیاب ہوگا جبکہ مفت آٹے کی فراہمی کا آغاز 25شعبان سے کیاجائے گا اور یہ سلسلہ 25 رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفت آٹے کی فراہمی کے خصوصی رمضان پیکیج  کے حوالے سے بھرپور آگہی مہم چلائی جائے اور بڑے اسٹورز کو بھی خصوصی کاؤنٹرز بنانے کا پابندبنانے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں پوائنٹس کی تعداد بڑھائی جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے سب کو دن رات محنت کرنی ہے اور ان کے علاوہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس او ر پوری انتظامی مشینری بھی فیلڈ میں موجود رہے گی کیوں کہ یہ قومی ذمہ داری کے ساتھ اللہ تعالی ٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین موقع بھی ہے۔

نگران کابینہ کے اجلاس میں سیکرٹری خوراک نے بریفنگ دی

نگران کابینہ کے اجلاس میں سیکرٹری خوراک نے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سافٹ ویئر  تیار کر لیا ہے  اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ڈ گھرانے مفت آٹے کا خصوصی پیکیج لے سکیں گے جبکہ غیر رجسٹرڈ اہل خاندان بھی فون کے ذریعے رجسٹریشن کرا کر مفت آٹا حاصل کرسکیں گے اور کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز اپنے متعلقہ اضلاع میں مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp