توہین عدالت: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ اور ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ قید کی سزا

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اختیارات سے تجاوز پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ایس ایس پی آپریشنز کو مِس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے بالترتیب 6 ماہ اور 4 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سزاؤں کا اعلان محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کیا، توہین عدالت کی کارروائی میں عدالت نے 21 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ 16 اگست 2023 کو توہین عدالت کی کارروائی شروع ہوئی جبکہ 7 ستمبر 2023 کو ڈی سی و دیگر افسران پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

جسٹس بابر ستار حکم دیا ہے کہ مختصر سزاؤں کی بنیاد پر 30 روز کے لیے سزا معطل کرتے ہیں، سزائیں اپیل کے دنوں تک معطل رہیں گی، ایک ماہ کی مدت کے دوران اپیل نہ ہونے کی صورت میں سزا پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے عدالتی حکم کے باوجود تھری ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کو گرفتار کیا تھا جس پر توہین عدالت کی درخواست پر عدالت نے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر اور پولیس افسران اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کریں گے

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور پولیس افسران فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کریں گے۔ اسلام آباد پولیس کے افسران اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اپنے جائز اختیارات قیام امن عامہ کے لیے استعمال کیے۔

اسلام آباد پولیس نے آفیشل ایکس پوسٹ پر کہا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنے فرائض منصبی تندہی سے ادا کرتی رہے گی۔

مزید لکھا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او عدالت کے حتمی فیصلے تک اپنے عہدوں پر کام کرتے رہیں گے۔ اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے قیام امن کے لیے اپنے فرائض سرانجام دیے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اختیارات سے تجاوز پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ایس ایس پی آپریشنز کو مِس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے بالترتیب 6 ماہ اور 4 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp