پنجاب اسمبلی میں خاتون ایس پی شہربانو کو فرائض کی بہترین سرانجام دہی پر خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن حنا پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’ یہ ایوان ایس پی خاتون آفیسر شہر بانو کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔‘
قرارداد کے مطابق شہر بانو نے دانشمندی اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو ہجوم سے با حفاظت باہر نکالا، اگر ایس پی شہر بانو بروقت خاتون کو وہاں سے نہ نکالتی تو کوئی افسوسناک سانحہ پیش آسکتا تھا۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مذہب کے نام پر ذاتی ایجنڈا چلانے کی مذمت کرتا ہے، معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
واضح رہے کہ 26 فروری 2024 کو لاہور کے ایک مصروف بازار اچھرہ میں ایک خاتون کو عربی رسم الخط سے ملتی جلتی تحریر والا لباس پہننے کے باعث وہاں موجود چند مشتعل افراد نے ہراساں کیا تھا۔
جس کے بعد اے ایس پی شہربانو نقوی کی سربراہی میں پولیس فورس نے خاتون کو نہ صرف بحفاظت ریسکیو کیا بلکہ مشتعل ہجوم کو کنٹرول بھی کیا تھا۔