پی ایس ایل سیزن9: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز آج مد مقابل ہوں گے

اتوار 3 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن9 کے انسویں میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز آمنے سامنے ہوں گے، گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے پریکٹس سیشن کیا، آج شام 7 بجے ہونے والے مقابلے کے لیے بھرپور تیاری کی۔

پی ایس ایل سیزن نائن میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ہفتہ کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا اور کھیل کے تینوں شعبوں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں اپنی مہارتوں کو مذید بہتر کرنے کی کوشش کی، کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ میں بھی حصہ لیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آخری 5 میچوں میں سے ملتان سلطانز نے 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کراچی کنگز نے ایک میچ جیتا ہے۔ سلطانز نے 18 فروری 2024 کو کھیلے گئے میچ میں 55 رنز، 22 فروری 2023 کو کھیلے گئے میچ میں 3 رنز، 16 فروری 2022 کو کھیلے گئے میچ میں 3 گیندوں قبل 7 وکٹوں اور 27 جنوری 2022 کو کھیلے گئے میچ میں 10 گیندوں قبل 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

’کراچی کنگز 26 فروری 2023 کو کھیلا گیا میچ 66 رنز سے جیتی تھی‘۔

واضح رہے پی ایس ایل سیزن 9 کے میچز لاہور اور ملتان کے بعد اب راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور کراچی میں ہو رہے ہیں، گزشتہ روز پی ایس ایل کے 2 میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے تھے، لیکن بارش کے باعث منسوخ ہوگئے۔

تاہم دن 2 بجے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا، دوسری جانب شام 7 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو بھی بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp