پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ شہباز شریف فارم 47 کی پیداوار ہیں، ایک ملک میں دو قانون نہیں چل سکتے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں شہباز شریف 201 ووٹ لے کر نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے، جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ لیے۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہاکہ یہ تو کہتے تھے کہ ہماری بات ہو گئی ہے لیکن لگتا ہے ان کا رانگ نمبر لگا ہے۔ کیونکہ عمران خان کی اپنی قوم سے بات ہو گئی تھی جس نے اس کے امیدواروں کو ووٹ دیے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے خلاف ہر طرح کے حربے آزمائے گئے لیکن اس کے باوجود ہم ڈٹے رہے، فارم 45 کے مطابق آج بھی ہمارے ارکان کی تعداد 180 ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ ہمارے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، انتخابی نشان تک لے لیا گیا مگر عوام نے پھر بھی ہمیں مینڈیٹ دیا جو چوری کر لیا گیا۔
عمر ایوب نے کہاکہ ہمارے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرائے گئے، اس کے علاوہ ہمیں جلسے جلوس تک کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
انہوں نے مزید کہاکہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے سارا کچا چٹھا کھول دیا ہے کہ کس طرح سے الیکشن کو چوری کیا گیا۔
عمر ایوب کا سانحہ 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف 9 مئی کی بالکل ذمہ دار نہیں، اس کی جوڈیشل انکوائری کرانی چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیاکہ بشریٰ بی بی سمیت پی ٹی آئی کی گرفتار خواتین کو رہا کیا جائے۔
عمر ایوب نے حکمران اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ آج ان کے چہرے اترے ہوئے ہیں، ایسے لگ رہا ہے جیسے جنازے پر آئے ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہاکہ میری تقریر پی ٹی وی پر دکھائی جائے، جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہاکہ آپ اپنی تقریر مکمل کریں میں اس معاملے کو بعد میں دیکھ لوں گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنے خطاب میں اسرائیل کی فلسطین پر مظالم کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم فلسطین کے معاملے پر قرارداد لائیں گے۔