پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات مکمل، نومنتخب عہدیداروں کا اعلان

اتوار 3 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے نومنتخب عہدیداروں کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ چیئرمین جبکہ عمر ایوب سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئے۔

رؤف حسن نے انٹراپارٹی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ وفاق اور چاروں صوبوں میں انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا گیا، جہاں پارٹی رہنماؤں نے اپنے پینلز کے ہمراہ حصہ لیا۔

رؤف حسن نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کے علی امین گنڈاپور پارٹی کے صدر منتخب ہوئے ہیں، جبکہ پنجاب میں یاسمین راشد اور سندھ کے لیے حلیم عادل شیخ کا انتخاب ہوا۔

رؤف حسن نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے کے لیے امیدوار بیرسٹر گوہر کے حق میں دستبردار ہو گئے تھے۔ جبکہ بلوچستان کے علاوہ باقی صدور کا انتخاب بلامقابلہ ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بلوچستان میں 3 پینل آمنے سامنے تھے اور نتائج کے مطابق داؤد شاہ کا پینل کامیاب ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب ہمارا انتخابی عمل مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد پارلیمانی پارٹی دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہو جائے گی۔

خیبرپختونخوا کے دیگر عہدیدار

خیبرپختونخوا کے لیے نور الحق قادری سینیئر نائب صدر، ارباب جہانداد خان، کمال سلیم خان نائب صدور اور علی اصغر خان جنرل سیکریٹری بن گئے۔ جبکہ عرفان سلیم ایڈیشنل جنرل سیکریٹری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

پی ٹی آئی کی نئی منتخب کابینہ میں نقیب اللہ خان، نواز محمود، شفقت ایاز، نور سلیم ملک اور ملک صاحب حسین کو ڈپٹی جنرل سیکریٹریز کی ذمہ داریاں مل گئی ہیں۔

اس کے علاوہ دانیال جدون، خائستہ محمد، تیمور خالد، خان رحمان آفریدی اور محمد کامران خٹک کو جوائنٹ سیکریٹری بنا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات سے قبل انٹراپارٹی الیکشن درست نہ کرانے کی بنیاد پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا، اور اسی وجہ سے پی ٹی آئی کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیا۔

پی ٹی آئی کے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے تھے تاکہ انہیں مخصوص نشستیں مل سکیں مگر اس میں انہیں کامیابی نہیں مل سکی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp