پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے آج کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دیدی۔
پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت پر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ اور جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی۔
Dominant at home!
Islamabad United get valuable two points on the board with a 29-run triumph!#HBLPSL9 | #KhulKeKhel | #IUvPZ️ pic.twitter.com/nHDU6wh61f
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 4, 2024
اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے شاداب خان نے 51 گیندوں پر 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ آغاز سلمان 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ جارڈن کاکس 26 اور اعظم خان 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سلمان ارشاد اور لیوک ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کی بیٹنگ
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ شروع میں ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی۔ اوپنر صائم ایوب ایک رن اور بابر صفر پر ہی آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد محمد حارث وکٹ پر آئے مگر وہ بھی صرف ایک رن اسکور کرکے چلتے بنے۔
اس کے بعد وکٹ پر آنے والے بیٹر ٹام کوہلر کیڈمور بھی صرف 12 رنز بنا سکے، جبکہ پال والٹر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مشکل کا شکار ٹیم کو عامر جمال نے سہارا دیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 87 رنز بنائے۔ مگر ان کی یہ شاندار اننگز بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رومان رئیس اور حنین شاہ نے 2،2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
آج کا میچ راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، اس سے قبل ہفتہ کے روز بارش کی وجہ سے 2 میچ کینسل ہو گئے تھے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں ملتان سلطانز کی ٹیم سب سے آگے ہے، اور اس نے گزشتہ روز کراچی کنگز کو شکست دے کر پلے آف میں رسائی حاصل کر لی ہے۔