توشہ خانہ ریکارڈ پبلک ہوا ہے تو پاکستانی حکمرانوں کی پسند ، ناپسند کی عجب داستانیں بھی پڑھنے کو مل رہی ہیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کون سے تحائف خریدے ؟ کیسے خریدے ؟؟ اس کی تفصیل کا بہ نظر غائر جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ وہ شہد بہت پسند کرتے ہیں ، انھوں نے توشہ خانہ سے دو مرتبہ خرید کر جبکہ ایک مرتبہ مفت شہد حاصل کیا، شہباز شریف نے 4 تحائف پیسے دے کر حاصل کیے، جبکہ 22 مفت حاصل کیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی حکومت کے سات ماہ کے دوران میں ملنے والے 53 تحائف میں سے 27 تحائف توشہ خانہ میں واپس جمع کرا دیے جبکہ 26 تحائف توشہ خانہ سے حاصل کر لیے، حاصل کیے گئے بیشتر تحائف مفت میں حاصل کیے گئے۔ شہباز شریف نے کھانے پینے کی اشیاء خصوصاً شہد تین مرتبہ توشہ خانہ سے حاصل کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کو تحفے میں ملنے والے شہد کی مالیت ایک ہزار اور جیم (jam) کی مالیت 600 روپے درج کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے توشہ خانہ سے ایک ہزار روپے مالیت کی کھجوروں کے تین ڈبے، 2 ہزار مالیت کے زیتون کا تیل، 3 ہزار روپے مالیت شہد کا جار، اور تین ہزار مالیت والی 3 کافی باکسز توشہ خانہ میں رقم کی ادائیگی کے بعد حاصل کیے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تحفہ کی مالیت کی 50 فیصد رقم جمع کرانے کے بعد تحفہ حاصل کرنے کا قانون بنایا تھا تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے 29 ستمبر 2022 کو 33 ہزار روپے مالیت کا تحفہ 1500 روپے (4.5 فیصد) کی ادائیگی کے بعد حاصل کر لیا، جبکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی 10 مئی 2022 کو 35 ہزار مالیت کا تحفہ محض 2500 روپے (7 فیصد) کی ادائیگی کے بعد توشہ خانہ سے حاصل کر لیا۔
شہباز شریف نے سال 2013 میں 35 ہزار مالیت کا ڈیکوریشن پیس 5 ہزار روپے (14 فیصد) ادائیگی کے بعد توشہ خانہ سے حاصل کیا تھا، سال 2014 میں 25 ہزار روپے مالیت کا تحفہ 3 ہزار روپے (12 فیصد) کی ادائیگی کے بعد حاصل کر لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو اپریل 2022 سے اکتوبر 2022 تک مجموعی طور پر 53 تحائف ملے، شہباز شریف نے 27 تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیئے جن میں سے متعدد کو وزیر اعظم آفس میں آویزاں بھی کیا گیا ہے۔