آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کا انتخابات میں سیکیورٹی کے علاوہ کوئی عمل دخل نہیں تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج نے انتخابات میں عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا۔
مزید پڑھیں
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہاکہ کچھ عناصر مسلح افواج پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔
کور کمانڈرز نے عام انتخابات کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے پر سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں فیک نیوز اور غلط معلومات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ کچھ عناصر غلط خبریں پھیلا کر عوام میں مایوشی پھیلانا چاہتے ہیں، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ معاشرے میں تقسیم پیدا ہو۔ اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان کے عوام متحد رہیں اور ملکی ترقی میں دل و جان سے حصہ ڈالیں۔
’کچھ عناصر کی توجہ غیریقینی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے‘
فورم نے کہاکہ گڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح جیسے حقیقی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے بعض مفاد پرست عناصر کی ساری توجہ اپنی ناکامیوں پر دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کرکے سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔
فورم نے اس بات پر زور دیا کہ غیر آئینی اقدامات، بے بنیاد سیاسی بیان بازی اور جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کے بجائے ثبوتوں کے ساتھ قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔
کور کمانڈرز کو سیاسی و معاشی استحکام کی امید
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز نے امید ظاہر کی کہ اب حکومتوں کی تشکیل کے بعد ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا جس کے نتیجے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔
کور کمانڈرز نے کہاکہ ہمارا اس بات پر پختہ یقین ہے کہ جمہوری استحکام ہی ملک کی ترقی کا واحد راستہ ہے۔
شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج قوم کا دفاع اور خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
فورم نے کہاکہ عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح آگاہ ہے اور وہ پاکستان کے عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز نے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کو بلند کرنے میں حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔ ’اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری سمیت دیگر غیرقانونی سرگرمیاں روکنے میں حکومت کی مدد کی جائے گی‘۔
سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا
کور کمانڈرز نے کہاکہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں مسخ شدہ، ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بے سود ہیں جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصو ل کیلئے منظم مہم کا حصہ ہیں تاکہ 9 مئی کی گھناؤنی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔
فورم نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جن میں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
فورم نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست کی پوری طاقت سے نمٹا جائے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کور کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کوششوں کے ثمرات کو مستحکم کرتے رہیں۔
کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم
فورم نے بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا اور بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
کور کمانڈرز نے فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
’فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی حمایت حاصل ہے، آرمی چیف‘
آرمی چیف نے کہاکہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے۔ ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ فیلڈ کمانڈرز آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور حوصلہ افزائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔