چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر سے چین کے نائب وزیر خارجہ مسٹر سن ویڈونگ نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر چینی نائب وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور چین اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا اور سی پیک منصوبوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر چین کے اطمینان سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گرمجوشی سے خطاب کرنے پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات علاقائی امن و استحکام کی مشترکہ سوچ پر قائم ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چینی نائب وزیرخارجہ نے صدر مملکت سے بھی ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور چین کے باہمی فائدے کے لیے معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں چین کا تعاون پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے اہم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں دوست ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
اس موقع پر چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ایک پرانی تاریخ ہے جو مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔