سماجی میڈیا کی سائٹس فیس بک اور انسٹا گرام منگل کو تکنیکی مسئلے سے دوچار ہونے کے بعد عارضی بندش کا شکار ہیں جس پر ایکس کے مالک ایلون مسک اپنی سائٹس کی سروسز جاری رہنے پر نازاں دکھائی دیے۔
امریکی بزنس مین ایلون مسک نے ایکس (سابقہ نام ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں فیس بک اور انسٹاگرام کے اچانک چلتے چلتے بند ہوجانے پر طنزیہ تیر چلائے۔
ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ یہ پوسٹ پڑھ رہے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری سروسز کام کر رہی ہیں‘۔
If you’re reading this post, it’s because our servers are working
— Elon Musk (@elonmusk) March 5, 2024
واضح رہے کہ سوشل میڈیا سائٹس فیس بک اور انسٹا گرام میں تکنیکی مسئلہ سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا کے صارفین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فیس بک، انسٹا گرام اور میسنجر میں تکنیکی مسئلے کی وجہ سے صارفین کے اکاؤنٹ چلتے چلتے خود ہی بند ہو گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صارفین کی جانب سے شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ فیس بک بند ہو چکی ہے۔
جلد مسئلہ حل ہو جائے گا، فیس بک انتظامیہ
دوسری جانب فیس بک انتظامیہ نے کہا ہے کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے فیس بک اکاؤنٹ لاگ ان نہیں ہو رہے، صارفین پریشان نہ ہوں، جلد مسئلہ حل ہو جائے گا۔