چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ 44 سال بعد ملک کی تاریخ درست ہونے جارہی ہے، تسلیم کیا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئرٹرائل کا حق نہیں ملا، یہ فیصلے ملک کے جمہوری اورعدالتی نظام میں بہتری کا باعث بنے گا۔
ذوالفقار بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ نے اپنے رائے دی کہ سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کو ان کے مقدمے میں فیئرٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا، فیصلہ سن کر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری آبدیدہ ہوگئے۔
مزید پڑھیں
میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ تمام ججز اور وکلا کا شکرگزار ہوں، تسلیم کیا گیا کہ شفاف ٹرائل کا حق نہیں دیا گیا،عدالت پر اس داغ کی وجہ سے عام آدمی کا انصاف کے نظام پر یقین نہیں تھا، بہت عرصے بعد تاریخ درست ہونے جارہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے فیصلے کے نتیجے میں ملک کا جمہوری نظام مضبوط ہوگا، یہ فیصلہ ملک کی ترقی کا باعث بنے گا۔ عدالت کے ججز نے واضح کیا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے فیصلہ سنا رہے ہیں، ملک کے بہتر مستقبل کے لیے کردار ادا کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو کیس لڑنے والے وکلا کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے یہ ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کیا۔