پاکستان میں رمضان المبارک کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

بدھ 6 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں گزشتہ چند روز کی بارشوں کے بعد موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا ہے، اس سے قبل مسلسل دھوپ کے باعث لگتا تھا کہ گرمیاں آ چکی ہیں لیکن گزشتہ ہفتے بارشوں کے سلسلے نے نہ صرف اس احساس کو دور کردیا بلکہ بارشوں کے بعد شدید ٹھنڈ اور برفانی ہوا نے شہریوں کے مزاج پوچھ لیے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 10 مارچ تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کی بناء پر عوام کو امید ہے کہ رمضان کا مہینہ بھی سرد رہے گا، لیکن کیا واقعی اس مرتبہ یہ ماہ مبارک سرد رہے گا یا پھر موسم یکدم بدل بھی سکتا ہے؟

محکمہ موسمیات کیا کہتا ہے؟

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل صاحبزاد خان نے وی نیوز کو بتایا کہ پہلے تو پیش گوئی کے مطابق 10 مارچ تک بارشوں کا باعث بننے والا ایک موسم تشکیل پاتا ہوا دیکھا جارہا تھا لیکن اب یہ نیا موسم  تقریباً 13 تاریخ تک برقرار رہے گا، موسم بیشتر اوقات ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

صاحبزاد خان کے مطابق آج جو دھوپ ہے اس سے گرمی کا احساس ہو رہا ہے، لیکن آج شام تک موسم ابر آلود ہونے اور کل اسلام آباد سمیت بلوچستان اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جس سے سردی کے باقی رہنے کا احساس جاگزیں رہے گا۔ تو یہ موسم چلتا رہے گا۔

رمضان میں موسم کیسا رہے گا؟

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے سربراہ صاحبزاد خان کا کہنا تھا کہ رمضان کا آغاز تو بہت ہی اچھا ہوگا کیونکہ رمضان 11 یا 12 سے شروع ہو رہا ہے تو یوں رمضان کا آغاز بارشوں سے بھر پور ہوسکتا ہے، لیکن مجموعی طور پر اگر رمضان کے مہینے میں موسم کی بات کی جائے تو پورا مہینہ بادل اور دھوپ کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔

’اگر 2 دن بارش ہو گئی ہے تو اگلے 4 دن دھوپ نکلی رہے گی، اسی طرح پھر 2 سے 4 دن کی دھوپ کے بعد بارش ہو جائے گی، تومجموعی طور پر پورا مہینہ دھوپ اور بادل کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کا مطلب یہی ہے کہ موسم خوشگوار رہے گا۔‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ رمضان کے بعد موسم کی صورتحال دیکھی جائے تو موسم گرما کا آغاز ہو جائے گا اور پیش گوئیوں کے مطابق رواں برس بھی گرمی کی شدت میں گزشتہ برس کی نسبت اضافہ متوقع ہے۔

واضح رہے محکمہ موسمیات کے مطابق 6 مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، تاہم شام میں شمال-مغربی اور جنوبی بلوچستان سمیت بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیراورملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کےعلاوہ تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

فورکاسٹنگ آفیسر غلام مرتضیٰ کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، صوبہ پنجاب کی بات کی جائے تو وہاں کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے، تاہم رات میں راولپنڈی، جہلم، اٹک، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، مری، گلیات اور گردو نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا میں موسم سرد اور خشک جبکہ  بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کےعلاوہ دیر، چترال، بونیر، شانگلہ، کوہستان، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، گردو نواح میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان میں مطلع ابر آلود رہے گا۔

دوسری جانب کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، زیارت، تربت، نوکنڈی، ژوب، قلات، خضدار، چاغی، پنجگور، واشک، دالبندین، خاران اور گوادرمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ میں میں موسم  سرد اور خشک رہے گا۔ جبکہ کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش  اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp