غزہ میں بھوک اور پیاس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی

جمعرات 7 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں بھوک اور پیاس کے باعث اب تک کم از کم 20 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ درجنوں افراد ایسے ہیں جو اسپتال نہیں پہنچ سکے اور بھوک کے باعث جاں بحق ہو گئے ہیں۔

جنگ سے تباہ حال غزہ میں پانی کی کمی اور غذائی قلت کے باعث بڑھتی ہوئی اموات کے رد عمل میں عالمی برادری کی جانب سے غزہ میں امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

جنوبی افریقہ ایک بار پھر عالمی عدالت انصاف میں

جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف میں اپنا ایک بیان جمع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں بڑھتی ہوئی غذائی قلت اور بھوک سے متعلق نئے حقائق سامنے آنے پر جنوبی افریقہ کو دوبارہ عالمی عدالت سے رجوع کرنا پڑ رہا ہے۔ جنوبی افریقہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں بھوک اور غذائی قلت کی وجہ نسل کشی کے خلاف عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی ہے۔

اسرائیل کا مقصد حماس کا خاتمہ نہیں، کچھ اور ہی ہے، یورپی یونین

یورپی یونین نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں 100 سے زیادہ فلسطینی امدادی کارکنوں کو شہید  کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ غزہ میں شہریوں کو تشدد اور بھوک سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو حتمی فیصلہ کرنا ہوگا۔

یورپی یونین کے سینیئر سفارتکار جوزپ بوریل کا کہنا تھا کہ 5 ماہ سے جاری جنگ کے بعد اسرائیلی اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کا مقصد صرف حماس کا خاتمہ نہیں بلکہ کچھ اور بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو غزہ میں جنگ ختم کرانے میں ہی نہیں بلکہ فلسطینی عوام کے لیے ایک الگ ریاست کے قیام کی کوششیں بھی کرنا ہوں گی۔

یورپی یونین نے غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے قبرص سے غزہ تک سمندری راستہ بنانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ بڑھایا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے بھی کہا ہے کہ غزہ کی خراب ہوتی صورتحال کے باعث اب اسرائیل کے اتحادیوں کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔

جنگ بندی کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، چین

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے غزہ جنگ کو انسانیت کے لیے المیہ اور ذلت آمیز قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی لیے فوری طور پر اقدامات کریں۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ کے عوام کو زندگی گزارنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے تمام قیدیوں کی رہائی اور امن مذاکرات جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کی تائید کرتا ہے اور فلسطین کی اقوام متحدہ میں بطور رکن شمولیت کی حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس اسرائیل جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ پر اسرائیلی فوج کے مسلسل جاری حملوں میں 30 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور 72 ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp