اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ میچ میں کپتان اور کوچ کے درمیان رابطہ ہونا چاہیے، جس طرح کمنٹیٹر میچ کے دوران کھلاڑی سے بات کرسکتا ہے، اسی برح کوچ اور کپتان کو بھی بات کرنے دی جائے۔
گزشتہ روز لاہور قلندرز سے میچ ہارنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹد کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی20 میں ایک اچھی شراکت یا ایک اچھا اسپیل گیم کو دور لے جاتا ہے۔ اس طرح کی شراکت داری کسی بھی ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں
اظہر محمود نے کہا کہ کرکٹ گیم ہی ایسی ہے اور میچ کے دوران چھوٹی موٹی غلطیاں ہوجاتی ہیں، لیکن ہم اب بھی ٹورنامنٹ کے ٹاپ 4 میں ہی ہیں امید ہے اسی میں برقرار رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی20 کرکٹ بہت فاسٹ ہے، اس میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے، ایک غلطی آپ کو پورے میچ سے دور لے جاتی ہے۔ غلطی کو دہرایا جائے تو مسائل بڑھ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز 2 بار کی چیمپئن ٹیم ہے اس کو کمزور ٹیم نہیں سمجھنا چاہیے، لاہور قلندرز کے کھلاڑی اپنی فارم بحال کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ کمنٹیٹر میچ کے دوران پلیئر سے بات کرسکتا ہے تو ایسا ہی طریقہ کوچ سے بات کرنے کا اپنایا جاسکتا ہے، کیوں کہ میچ کے دوران کوچ بہت کچھ کہنا چاہ رہا ہوتا ہے لیکن کپتان سے رابطہ نہیں کرپاتا۔
اظہر محمود نے امپائر کے فیصلے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ماضی میں بھی ایک واقعہ پیش آیا تھا کہ جب 2011 میں سعید اجمل پر ری پلے غلط چل گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امپائر سےغلطی ہوسکتی ہے، مگر جس کے پاس سب ٹیکنالوجی موجود ہو اس کو اس طرح کی غلطی نہیں کرنی چاہیے۔