وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی اے ایس پی شہر بانو کو شاباش، گلے لگا کر تھپکی بھی دی

جمعرات 7 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اے ایس پی شہر بانو کو نوجوان افسروں کے لیے قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی ہے اے ایس پی شہربانو نے نوجوان افسروں کے لیے بہادری اور جرأت کی مثال قائم کردی ہے۔

جمعرات کے روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(اے ایس پی)  سیدہ شہر بانو نے ملاقات کی، ملاقات میں اے ایس پی شہر بانو نے اقلیتی کمیونٹی اور ٹرانس جینڈرزکے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی اور لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں جانوروں کے ریسکیو سینٹرز کے مسائل کے بارے میں بھی ان کو آگاہ کیا۔

اے ایس پی شہر بانو نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو اچھرہ واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اچھرہ واقعہ پر جراّت کا مظاہرہ کرنے پر اے ایس پی شہربانو کو شاباش دی۔

اس موقع پر گفتگو میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے اے ایس پی شہر بانونقوی کو نوجوان افسروں کے لیے قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اے ایس پی شہربانو نے نوجوان افسروں کے لیے بہادری اور جرأت کی مثال قائم کردی ہے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اے ایس پی سیدہ شہر بانونقوی کو گلے لگایا اور تھپکی دی۔

مریم نواز شریف نے اے ایس پی شہربانو کو یقین دلایا کہ معاشرے کے قابل رحم طبقات کا تحفظ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔’تحفظ مرکز اور میثاق سینٹر کا دورہ کروں گی۔‘

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ایس ایس پی لاء اینڈآرڈر محمد عثمان ٹیپو بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp