عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک میں آپریشن، حالات کشیدہ، پارٹی چیئرمین کی عوام کو خصوصی ہدایت

منگل 14 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے باہر پہنچ گئی ہے جہاں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم شروع ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ڈی آئی جی آپریشنز سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پولیس نے کئی کارکنوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ عمران خان نے اپنے ویڈیو بیان میں عوام کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ قتل کردیے جائیں تو اس کے باوجود خصوصی آزادی کی تحریک جاری رکھی جائے۔

اسلام آباد پولیس عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پہنچی تو ڈی آئی جی اسلام آباد اور پی ٹی آئی کے رہنما حسان نیازی کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں حسان نیازی نے کہا کہ عمران خان اپنی رہائشگاہ پر موجود نہیں ہیں اور بہت سے کارکنان یہاں پر ہیں اور کوئی زبردستی کی گئی تو تصادم کا خطرہ ہے جس پر ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ عدالت نے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں اور ہم عدالتی احکامات کی تعمیل کے سلسلے میں یہاں آئے ہیں۔

پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ ان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج سمیت واٹر کینن کا استعمال کیا جارہا ہے جس کے جواب میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا ہے۔

پولیس نے زمان پارک کا دونوں اطراف سے گھیراؤ کرلیا ہے اور عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر سے  کارکنوں کے کیمپ  اکھاڑ دیے گئے ہیں  جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ سے  زرتاج گل سمیت دیگر کئی  رہنما اور کارکنان زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

تحریک انصاف کے کارکنان نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے واٹر کینن سے برسائے جانے والے پانی میں کیمیکل موجود ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنان اور پولیس میں تصادم کے باعث ڈی آئی جی  آپریشنز  شہزاد بخاری ٹخنے پر پتھر لگنے سے زخمی ہوگئے۔ رینجرز کی نفری بھی زمان پارک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب فواد چودھری کے مطابق شبلی فراز اور بیرسٹر گوہر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے ہیں اور عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرانے کی درخواست پر کچھ دیر میں سماعت کا امکان ہے۔

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست موصول ہوگئی ہے اور عدالتی عملے کی جانب سے ڈائری نمبر جاری کردیاگیا ہے۔

اس کارروائی سے متعلق تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ ہم نے اسلام آباد میں وارنٹ گرفتاری چیلنج کردیے ہیں اور درخواست پر کچھ ہی دیر میں سماعت ہوگی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ رجسٹرار کا عمران خان کی درخواست پر اعتراض

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے دائر درخواست پر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی بائیو میٹرک نہیں ہوئی اس لیے درخواست مسترد کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے بتایا ہے کہ پٹیشن پر عمران خان کے دستخط نہ ہونے کا اعتراض بھی عائد کیا گیا ہے۔

عمران خان گرفتاری وارنٹ کی منسوخی کی درخواست پر سماعت کل ہوگی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان  کے وارنٹ منسوخ  کرنے کی درخواست کی سماعت کے لیے کل بدھ 15 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔

درخواست پر اب اعتراضات کے ساتھ سماعت بدھ کو ہوگی۔ قبل ازیں عمران خان کی پٹیشن پر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کے دستخط اور بائیو میٹرک نہ ہونے کے اعتراضات عائد کیے گئے تھے۔

مجھے ماردیا گیا تو بھی عوام حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پولیس مجھے پکڑنے کے لیے آگئی اور ان کا یہ خیال ہے کہ یہ مجھے جیل میں ڈال دیں گے اور قوم سو جائے گی۔ انھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس تاثر کو غلط ثابت کردیں اور حکومت کو بتادیں کہ وہ زندہ قوم ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان کلمہ طیبہ پر بننے والا ملک ہے اور آپ نبی کریم ؐ کی امت ہیں اس لیے آپ کو حقیقی آزادی کے لیے جدو جہد کرنی ہوگی کیوں کہ مجھے تو اللہ نے سب کچھ دیا ہوا ہے مگر میں اپنی قوم کے لیے جنگ لڑرہا ہوں اور لڑتا رہوں گا۔

انھوں نے کہا کہ اگر مجھے جیل میں ڈال دیا جائے یا ماردیا جائے تو آپ کو جدوجہد جاری رکھنی ہے اور ثابت کرنا ہے کہ ایک آدمی جو فیصلے کرتا ہے اسے قبول نہ کریں۔

اس وقت جوکچھ ہورہاہے اس کے پیچھے بہت سے معاملات ہیں،فرخ حبیب

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے وارنٹ معطل کرانے کے لیے ہم نے درخواست دی ہوئی ہے اور یہ نہیں ہوسکتا کہ کسی کی خواہش کی تکمیل کے لیے عوام کے مقبول لیڈر کو جیل میں ڈال دیا جائے کیونکہ اس وقت جو کچھ ہورہا ہے اس کے پس پردہ بہت سے معاملات ہیں۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عمران خان پر پہلے بھی قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے اور 12 تاریخ کو جس کیس میں پیشی تھی اس میں 18 مارچ کو گرفتار کرنے کا کہا گیا تھا مگر حیرانی دیکھیے کہ 14 مارچ کو ہی عملدرآمد کرانے پہنچ گئے ہیں جبکہ ان نوٹسز کو ہمارے وکلا نے اسلام آباد میں چیلنج کیا ہوا ہے جو معطل ہوجائیں گے لیکن یہ سب کچھ لندن پلان کے تحت ہورہا ہے۔

دوسری جانب جونہی پولیس کی نفری زمان پارک کے باہر پہنچی تو تحریک انصاف کے کارکنان زمان پارک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے کارکنان کو جلد از جلد وہاں پہنچنے کی کال دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے 5 مارچ کو بھی اسلام آباد پولیس چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے زمان پارک پہنچی تھی۔ اس وقت ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے۔ لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اسلام آباد پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی تاہم اسلام آباد پولیس گرفتاری سے متعلق نوٹس پیش کرکے واپس روانہ ہوگئی تھی۔

حفاظتی ضمانت کی موجودگی میں عمران خان کی گرفتاری بلاجواز ہوگی، شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی خون خرابہ نہیں چاہتی لیکن معاملہ یہ ہے کہ پارٹی سربراہ عمران خان پہلے ہی عدالت سے حفاظتی ضمانت حاصل کرچکے ہیں جس کی وجہ سے ان کی گرفتاری نہیں ہوسکتی۔

لاہور کے زمان پارک کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت نے عمران خان کو حفاظتی ضمانت دی ہوئی ہے جس کے ہوتے ہوئے حکومت کے پاس گرفتاری کا کوئی جواز نہیں تاہم پی ٹی آئی لاشیں نہیں گرانا چاہتی اور نہ ہی قانون ہاتھ میں لینا چاہتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ عمران زمان پارک میں موجود نہیں ہیں جسے بات کرنی ہو وہ ان سے بات کرے کیوں کہ وہ عمران خان کی طرف سے جواب دینے کے مجاز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انھیں پہلے گرفتاری وارنٹ دکھائے جائیں جسے پڑھ کر وہ سمجھیں گے لیکن پارٹی کی قانونی ٹیم کا بھی یہ کہنا ہے کہ حفاظتی ضمانت کی موجودگی میں گرفتاری نہیں کی جاسکتی۔

حکومت کے عزائم کچھ اور ہی ہیں، فیصل جاوید

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کوئی قانونی تقاضے پورے نہیں کیے جارہے اور اس وقت جو صورت حال پیدا کی جارہی ہے اس کے عزائم کچھ اور ہیں کیوں کہ یہ لوگ الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں ۔

 اسلام آباد ہائی کورٹ آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور چیئرمین نے قوم کو اپنا پیغام دے دیا ہے۔

عمران خان پہلے بائیومیٹرک کرواچکے ہیں،قاسم سوری

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ عمران خان اس سے قبل ایک بار بائیومیٹرک کروا چکے تھے مگر اب عدالت کی مرضی ہے جب بھی سماعت کرے مگر لاہور میں حالات ہنگامی ہیں اور عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہماری اور پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں اور حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اس لیے عوام نے اب خوف کے بت توڑ دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مافیا کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو چکے ہیں اور چوروں ولٹیروں سے قوم کی جان چھڑانا چاہتے ہیں جس کے لیے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔

پارٹی چیئرمین  کی گرفتاری کی صورت میں ان کامتبادل طے کرلیاگیاہے،شبلی فراز

تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایک زہریلی خاتون ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے اگر عمران خان کو گرفتار کیا جاتا ہے تو ہم نے پلان بنایا ہوا ہے کہ اس کے بعد پارٹی کو کون لیڈ کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس 18مارچ کو مقرر ہے سمجھ نہیں آتی اسلام آباد پولیس کیسے  عمران خان کی گرفتاری کے لیے پہنچ گئی ۔ ان کا مزید کہنا تھا عمران خان نے تو ہمیشہ آئین وقانون کا احترام کیا ہے ،اس ملک میں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی طرح عوامی لیڈران کو زندہ نہیں چھوڑا جاتا۔

یہ گرفتاری کی کوشش نہیں عمران خان کے قتل کی سازش ہے،مسرت جمشید

پی ٹی آئی  کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سب کچھ مریم صفدر کی انا کی تسکین کے لیے کیا جارہاہے اور یہ لوگ عمران خان کو کچہری اس لیے بلانا چاہتے ہیں تاکہ ان کی موت کی سازش کی جاسکے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آج زمان پارک کو ماڈل ٹاؤن بنانے کی سازش ہو رہی ہےیہ گرفتاری نہیں قتل کی سازش ہے اس لیے پوری قوم تیار رہے کیوں کہ پی ٹی آئی چیئرمین ہمارے اور ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑرہے ہیں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp