وزیر اعظم کا دورہ آزاد کشمیر: برفباری سے متاثرہ افراد میں چیک تقسیم

جمعہ 8 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ آزاد کشمیر کے موقع پر برفباری سے متاثرہ افراد میں چیک تقسیم کیے، آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں اور برفباری سے 8 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ وزیر اعظم نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 20،20 لاکھ اور زخمیوں کو 5،5 لاکھ کے چیک تقسیم کیے۔

وزیر اعظم شہباز شریف آزاد جموں و کشمیر کے ایک روزہ دورے پر مظفرآباد پہنچے جہاں انہوں نے شدید بارشوں و برفباری سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور متاثرین میں چیک تقسیم کیے۔ وزیر اعظم نے جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں آپ کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے مظفر آباد آیا ہوں۔ مصیبت کی گھڑی میں آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومت متاثرین کیساتھ ہے، متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ منہدم ہونے والے مکانات کے لیے 7 لاکھ، جزوی تباہ شدہ مکانات کے لیے ساڑھے 3 لاکھ روپے، جبکہ زخمی افراد کو 5 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔

’رقوم کی تقسیم شفاف انداز میں کی جائے گی، اور این ڈی ایم اے کی مدد سے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا‘۔

انہوں نے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ لگا کر آئندہ 5 روز میں امدادی رقم متاثرین میں تقسیم کردی جائے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی آزاد کشمیر حکومت کو امدادی سرگرمیوں کے لیے ہیلی کاپٹر دینے کی بھی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ 2 کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، بچوں کی تعلیم کے لیے ہمیں متبادل انتظامات کرنا ہوں گے۔ مساجد میں بچوں کی تعلیم کا انتظام کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہی قومیں کامیاب ہوئیں جنہوں نے شکست کو مسلسل محنت سے کامیابی میں بدلا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp