نماز پڑھتے مسلمانوں پر انڈین پولیس کا حملہ،ویڈیو وائرل

جمعہ 8 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی دارالحکومت دہلی میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں نمازیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کچھ لوگ سڑک پر نماز پڑھنے لگے اسی دوران دہلی پولیس کانسٹیبل نے نمازیوں کو لاتیں اور گھونسے مار کر انہیں ہٹانے کی کوشش کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ پولیس اہلکار کو مار پیٹ کرنے سے روکتے ہیں جس کے بعد کانسٹیبل اور بھیڑ کے درمیان بحث شروع ہو جاتی ہے۔ صارفین کی جانب سے اس واقعہ کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔

بھارتی صحافی ارفع خانم لکھتی ہیں کہ پولیس کانسٹیبل اپنی ڈیوٹی نہیں کر رہا بلکہ یہ وردی میں ملبوس ایک نفرت انگیز رومبی ہے جسے قانون کی طاقت حاصل ہے اور وہ کسی بھی انسان کی صرف اس لیے توہین کرے کہ اس کی عبادت کرنے کا طریقہ مختلف ہے، صحافی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ہندوستان ہے جسے بی جے پی نے گزشتہ ایک دہائی میں بنایا ہے۔

محمد زبیر لکھتے ہیں کہ یہ بہت شرمناک ہے کے پولیس نمازیوں کو لات مار رہی ہے انہوں نے سوال کیا کہ دہلی پولیس کیا پیغام دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایک صارف نے کہا کہ پولیس نے نماز کے دوران نمازیوں کو لات مار کر انتہائی شرمناک حرکت کی حکومت کو ان پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہیے۔

بھارتی صارف انند پرکاش نے کہا کہ ایسی ویڈیوز قوم کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔ یونیفارم میں نفرت انگیز زومبی نظر آ رہا ہے جو قوم اور قانون کی توہین کرتا ہے اور پولیس کو اس کے خلاف فوری کاروائی کرنی چاہیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے بعد لوگوں کے ہجوم نے مسجد سے نکل کر اندر لوک تھانے کا گھیراؤ کرتے ہوئے احتجاج کیا اور پولیس کانسٹیبل کو معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اور پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ واقعے کی انکوائری شروع ہوچکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp