برسلز میں پاکستانی سفارتخانے میں رنگا رنگ فوڈ فیسٹیول، لذیذ کھانوں سے مہمانوں کی تواضع

ہفتہ 9 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ میں یوم پاکستان کی مناسبت سے فوڈ فیسٹیول، رمضان بازاراوررنگا رنگ ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح برسلز میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے کیا

یورپی یونین کے دارلحکومت برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ میں یوم پاکستان کے حوالے سے فوڈ فیسٹیول، رمضان بازاراور پاکستانی ثقافت پر مشتمل رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح برسلز کے لیے پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے کیا۔

ہفتہ کے روز برسلز میں پاکستانی سفارت خانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فوڈ فیسٹیول اور رمضان بازار کے ساتھ پاکستانی ثقافت پر مشتمل رنگا رنگ تقریب کا آغاز کیا گیا ۔ تقریب کا افتتاح یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے کیا۔

پاکستان کی سفیر نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے لیے علامتی طور پر اس تقریب کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شاندار اور لذیذ روایتی پکوان ایک طویل تاریخ ، روایات اور عمدہ لذت کا عکاس ہیں، جو قدیم زمانے سے فروغ پا رہے ہیں۔

فیسٹیول میں بریانی، چکن کڑاہی، نان کباب، جلیبی سموسے اور دیگر مشہور پکوانوں کے ساتھ نمائش کے شرکا کی تواضع کی گئی۔ پاکستانی سفیر نے مہمانوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دیدہ زیب انداز میں پاکستانی روایتی کھانوں میں پاکستان کے جغرافیائی اور ثقافتی تنوع کی جھلک نظرآتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول نے سفارتی تبادلوں، ثقافتی دلکشی اور خوش ذائقہ پکوانوں کی تیاری کے لیے ایک دلکش پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔

واضح رہے کہ فیسٹیول میں بیلجیئم اور لکسمبرگ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ ساتھ سفارتکاروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستانی ذائقوں سے لطف اندوز ہوئے اور خوب تعریف کی۔

پاکستان 23 مارچ کو اپنے قومی دن کی تیاریاں کر رہا ہے جس کے لیے برسلز میں ہونے والا فوڈ فیسٹیول اہمیت اختیار کر گیا ہے، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستانی ورثے اور مہمان نوازی کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp