پاکستان میں اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا فیصل آباد میں جلسہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ جس کی وجہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے لیے این او سی نہ ملنا ہے۔
ذرائع کے مطابق 19 مئی کو شیڈول فیصل آباد کا جلسہ پی ٹی آئی فیصل آباد ڈویژن کی رائے کے بعد منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور محمود خان اچکزئی بغیر این او سی کے جلسہ کرنے پر متفق تھے تاہم پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے اس حوالے سے مشاورت کی جس میں یہ رائے بھی سامنے آئی کہ جب مولانا فضل الرحمان کراچی اور پشاور میں بغیر این او سی کے جلسے کرسکتے ہیں تو ہم کیوں ضلعی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط کریں۔
ذرائع کے مطابق بعض رہنماؤں کی رائے تھی کہ ہمیں قانون کے مطابق جلسے کی پیشگی اجازت مانگنی چاہیے اور نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کرنا چاہیے کیونکہ موجودہ صورتحال میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کارکنوں کو ہراساں کرے گی اور مقامی رہنما جلسے کی تیاری بھی نہیں کر پائیں گے۔
پی ٹی آئی نے فیصل آباد ڈویژن کی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد ضلعی انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما بدھ کو فیصل آباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ بارز اور چیمبر آف کامرس سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد دورے کے دوران مقامی صحافیوں سے بھی ملاقات کی جائے گی۔