پی ایس ایل 9: اسلام آباد نے ملتان کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا

اتوار 10 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن9 کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے 229 رنز کے ہدف کو 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند پر پورا کر لیا۔

ملتان سلطانز کے پہاڑ جیسے 229 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی اس کی 1 رنز پر وکٹ گر گئی۔ ڈیوڈ ولی نے ایلکس ہیلزکو صفر پر آؤٹ کر دیا، ان کا کیچ عثمان خان نے پکڑا، دوسری وکٹ بھی محض 4 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب آغا سلمان کو 2 رنز پر محمد علی نے اپنی گیند پر کیچ پکڑ کر پویلین کی راہ دکھا دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ 145 کے مجموعی اسکور پر گری جب شاداب خان 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 31 گیندوں پر 54 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی گیند پر ڈیوڈ ولی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی چوتھی وکٹ بھی 149 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب اعظم خان عباس آفریدی کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے۔

پانچویں وکٹ 157 کے مجموعی اسکور پر گری جب کولن منروایک انتہائی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد جورڈن کی گیند پر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کولن منرو نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں سب سے اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا، انہوں نے 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی چھٹی وکٹ 181 کے مجموعی اسکور پر گری جب حیدر علی 19 رنز پر محمد علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، ساتویں وکٹ 221 کے مجموعی اسکور پر گری جب فہیم اشرف 23 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر ڈیوڈ ولی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

عماد وسیم نے ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پرنا قابل شکست 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلا دی، نسیم شاہ نے ایک رنز اسکور کیا اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔

ملتان سلطانز کی طرف سے عباس آفرید ی نے 3 ، محمد علی نے 2 ، ڈیوڈ ولی اور کرس جورڈن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن9 کے 27 میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے، ملتان سلطانز کے عثمان خان 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کرنے والے اوپننگ بلے باز عثمان خان 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جانسن چارلس نے 42، یاسر خان نے 33 اور کپتان محمد رضوان نے 20 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے موقع پر کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر پلے آف مرحلے تک رسائی کے امکان کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ میچ میں کامیابی کے لیے پرعزم ہیں، کوشش کریں گے میچ میں فتح حاصل کرکے جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔

واضح رہے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کے آج آخری ڈبل ہیڈر میچزہوں گے، آج کا دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے مابین شام 7 بجے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے پی ایس ایل کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز نےلاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے ہرا کرپوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ملتان سلطانز اور پشاور زلمی پلے آف میں پہنچ چکی ہیں، اور لاہور قلندرز پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔

تاہم کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پلے آف میں پہنچنے کے لیے رسہ کشی جاری ہے۔ کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف اہم فتح کے بعد 8 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں۔ کراچی کنگز کو اپنا آخری میچ لازمی جیتنا ہے، جبکہ پلے آف میں پہنچنے کے لیے اسکا انحصار اسلام آباد یونائیٹڈ کی آخری میچ میں ناکامی یا پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اپنے دونوں میچز میں ناکامی پر ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp