تحریک انصاف کے شبلی فراز نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو گرفتارکیا گیا تو ایسی صورت میں پارٹی کون لیڈ کرے گا اور سیکنڈ اور تھرڈ لائن شپ کن ہاتھوں میں ہوگی یہ سب طے کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کہا کہ توشہ خانہ کیس 18 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر ہے مگر سمجھ نہیں آرہی آج پولیس زمان پارک میں عمران خان کی گرفتاری کے لیے کیسے پہنچ گئی۔
سینیٹر شبلی فراز کی زمان پارک میں پولیس کی بربریت کے خلاف اہم پریس کانفرنس۔#زمان_پارک_پُہنچو#عمران_خان_ہماری_ریڈ_لائن pic.twitter.com/FKINEMnFW1
— PTI (@PTIofficial) March 14, 2023
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ آئین وقانون کا احترام کیا ہے لیکن ملک پر مسلط کی گئی حکومت اس وقت غریب عوام کا کوئی خیال نہیں کررہی اور ان کی سب سے زیادہ توجہ پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری پر ہے۔
ذوالفقارعلی بھٹواوربینظیر بھٹو جیسے لوگوں کویہاں زندہ نہیں چھوڑاجاتا
شبلی فراز نے کہا کہ اس ملک میں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو جیسے عوامی لیڈروں کو زندہ نہیں چھوڑا جاتا اور اب عمران خان کے خلاف سازش کی جارہی ہے کیوں کہ وہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک جن لوگوں کے حوالے کردیاگیا ہے یہ سیکیورٹی تھریٹ بن چکے ہیں اور ہم تو الیکشن کا وقت پر انعقاد چاہتے ہیں جو آئین میں واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری اور غلام علی جیسے لوگوں کو بڑے عہدوں پر بٹھا دیا گیا ہے اور پاکستان کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف کو ہدف بنایاجارہاہے اور میڈیا سے کہا جارہا ہے کہ عمران خان کی بات نہیں چلانی مگر یہ ملک اب ایسے نہیں چل سکتا۔
شبلی فراز نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اب عملی طور پر ہماری جدوجہد کا حصہ بنیں کیوں کہ ایک زہریلی خاتون ملک میں انتشار پھیلارہی ہے ۔
عمران خان کے بغیر تحریک انصاف کاتصور ہی نہیں کرسکتے،فیصل جاوید
شبلی فراز کے ہمراہ سینیٹر فیصل جاوید بھی عدالت کے باہر موجود تھے۔ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ قانونی راستہ اختیار کیا ہے اور یہ لوگ الیکشن سے بھاگنا چاہ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اب ہائی کورٹ نے درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی ہے تو عمران خان کی گرفتاری کا کوئی قانونی جواز نہیں بنتا۔
فیصل جاوید کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور ہم عمران خان کے بغیر تحریک انصاف کا تصور ہی نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی تحریک انصاف کی قیادت کریں گے اور ایک بار پھر وزیراعظم بنیں گے۔