گلگت: جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے فورس کا قیام، پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

اتوار 10 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 گلگت بلتستان میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے فورس کے پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکریٹری جنگلات و جنگلی حیات ظفر وقار تاج نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اتوار کے روز پہلے مرحلے میں 50 نوجوانوں کو پولیس کی زیر نگرانی تربیت فراہم کی گئی پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں سکریٹری جنگلات وجنگلی حیات ظفر وقار تاج،کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ طاہرہ یعسوب اور ایس ایس پی گلگت نے شرکت کی۔

فورس جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اسپیشل تربیت حاصل کرنے کے بعد گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں تعینات ہوگی۔ یہ فورس جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ اور جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کو روکنے کے لیے کام کرے گی، اس فورس کا کام گلگت بلتستان میں جنگلی حیات کے تفظ کو یقینی بنانا ہے۔

گلگت بلتستان میں موجود جنگلی حیات گلگت بلتستان کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کا تحفظ اس فورس کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا۔اس فورس کو جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین کو نافذ کرنے، معمول کی گشت کرنے اور مقامی آبادی میں ان کی اہمیت اجاگر کرنے اور آگاہی فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔

سیکریٹری جنگلات ظفر وقار تاج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے منفرد ماحولیاتی نظام کو خطرے سے دوچار کرنے والے عوامل کے سدِ باب اور غیر قانونی درختوں کی کٹائی اور شکار کی روک تھام کے لیے فورس کا قیام عمل میں لانا نا گزیر تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے جنگلات کی حفاظت، جنگلات کی کٹائی، چوری اور جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کے حوالے سے حکومت کو مشکلات کا سامنا رہا ہے۔فورس کا قیام جنگلات اور جنگلی حیات کی تحفظ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

 ترجمان وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں جنگلی حیات فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ فورس جنگلات و جنگلی حیات کا تحفظ کرے گی۔جنگلات و جنگلی حیات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp