آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ میں آسٹریلیا نے میزبان نیوزی لینڈ کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ہرا کر سیریز جیت لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈنگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو صرف 162 رنز پر آؤٹ کر دیا جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 256 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ پر 106 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کے بیٹرز نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور 372 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف پورا کر کے میچ اور سیریز اپنے نام کر لی۔
Alex Carey finishes 98* with captain Pat ensuring there were no hiccups in a tense final stretch
Australia win 2-0 🏆https://t.co/H62J4pYYhP | #NZvAUS pic.twitter.com/IW2BGI6S2t
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) March 11, 2024
میچ کا تفصیلی اسکور کارڈ
میچ کے آغاز میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز
کیوی ٹیم نے پہلی اننگز میں 162 رنز بنائے، اوپنر ٹام لاتھم نے 38 اور ول ینگ نے 14 رنز بنائے۔ مڈل آرڈر بیٹر کین ولیمسن 17 اور راچن راویندرا صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ٹام بلنڈل نے 22، گلین فلپس 2، اسکاٹ کگلیجن صفر، میٹ ہینری 29 اور کپتان ٹم ساؤتھی 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلوی بولرز نے پہلی اننگز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے سب سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مچل اسٹارک نے 3، پیٹ کمنز اور کیمرون گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز
آسٹریلوی ٹیم کا پہلی اننگز میں آغاز اچھا نہ تھا، اوپنرز اسٹیو اسمتھ 11 اور عثمان خواجہ 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم مڈل آرڈر بیٹر مارنس لبوشین نے اننگز کو سہارا دیا اور 90 رنز کی شاندار باری کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 25، ٹریوس ہیڈ 21، ناتھن لائن 20، مچل مارش صفر، وکٹ کیپر ایلکس کیری 14، مچل اسٹارک 28 اور پیٹ کمنز 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 256 رنز رہا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ ٹیم ساؤتھی، بین سیئرز اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز
دوسری اننگز میں کیوی بیٹرز نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اوپنر ول ینگ ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے تاہم ٹام لاتھم اور کین ولیمسن نے اننگز کو سہارا دیا. دونوں بیٹرز نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ٹام لاتھم 73 جبکہ کین ولیمسن 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مڈل آرڈر بیٹر راچن راویندرا نے بھی شاندار باری کھیلی اور 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 58، ٹاک بلنڈل 9، گلین فلپس 16، اسکاٹ کگلیجن 44، میٹ ہینری 16 اور کپتان ٹم ساؤتھی صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری اننگز میں کیوی ٹیم کا مجموعی
اسکور 372 رنز رہا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کی اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ ناتھن لائن نے 3 اور مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور کیمرون گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز
دوسری اننگز میں آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر کوئی خاطر خوہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ اوپنرز اسٹیو اسمتھ 9، عثمان خواجہ 11، مارنس لبوشین 6، کیمرون گرین 5 اور ٹریوس ہیڈ 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا کے محض 80 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین پہنچ چکے تھے۔
مشکلات کی شکار ٹیم کو مچل مارش اور ایلکس کیری نے سہارا دیا اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کامیاب شراکت داری قائم کی۔ مچل مارش 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور کپتان پیٹ کمنز 32 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت سے
ہمکنار کروایا۔
مین آف دی میچ
آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے دوسری اننگز میں 98 رنز کی شاندار باری کھیلی جبکہ میچ کے دوران 10 کیچ پکڑ کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
مین آف دی سیریز
کیوی فاست بولر میٹ ہینری کو مین آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے 2 میچوں کی سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے آخری 10 ٹیسٹ میچوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کوئی ایک بھی میچ نہ جیت سکی۔ نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف آخری فتح ہوبارٹ میں 2011 میں حاصل کی تھی۔