سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا فلسطین میں محفوظ انسانی اور امدادی راہداریوں کے قیام کا مطالبہ

پیر 11 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب  کے فرمانروا، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود نے  عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین میں ہونے والے گھناؤنے جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے محفوظ انسانی اور امدادی راہداریوں کے قیام کو یقینی بنائے۔

رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اپنے پیغام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے فلسطین کا بالخصوص تذکرہ کرتے ہوئے کہا ’ہم اس سال رمضان کی آمد کا مشاہدہ کر رہے ہیں، ہمارے دل مسلسل جارحیت کا سامنا کرنے والے اپنے فلسطینی بھائیوں کے جاری مصائب پر غم سے بھرے ہوئے ہیں۔‘

’ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان گھناؤنے جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے محفوظ انسانی اور امدادی راہداریوں کے قیام کو یقینی بنائے۔‘

سعودی فرمانروا نے مملکت کے شہریوں، مملکت میں مقیم غیر ملکی اور عالم اسلام کو مخاطب کرتے ہوئے رمضان کریم کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں رحمت ومغفرت کے مہینہ کو پانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اس ماہ کی برکات کو حاصل کرنے کی دعا کی۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے پیغام میں اس سرزمین کو اسلام کا گہوارہ بنانے، حرمین شریفین اور حجاج و زائرین کی خدمت پر مختص کرنے کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے منسوب کیا، اور اسے سعودی عرب کی قیادت اور سعودی عرب کے باسیوں کے لیے باعث فخر واعتزاز قرار دیا۔

خادم حرمین شریفین نے اپنے پیغام میں سعودی سرحدوں پر متعین بہادر فوجیوں اور سیکیورٹی شعبوں سے وابستہ افراد، اور اپنے وطن کے لیے خدمت سر انجام دینے والے مختلف حکومتی اداروں میں تمام افراد کو بھی مبارکباد دی اور ان کے لیے دعا کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp