پنجاب کی صوبائی سیاست میں فعال اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی غرض سے تحریک انصاف نے پنجاب میں شیڈو کابینہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پنجاب کی شیڈو کابینہ کا اعلان کردیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں اسلم اقبال نے شیڈو کابینہ کے لیے پارٹی قیادت اور ارکان اسمبلی کے ساتھ مشاورت شروع کردی ہے، ان کا کہنا ہے جکہ پنجاب میں حکومت کے ہر محکمےکی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لیے شیڈو کیبنیٹ کی ذمہ داریاں مختلف تحریک انصاف کے منتخب ہونیوالے آزاد اراکین پنجاب اسمبلی کو تفویض کی جائیں گی۔
رہنما پی ٹی آئی اور نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں صرف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں، رمضان کی آمد ہے اور مہنگائی کا طوفان استقبال کررہا ہے، پبلک ریلیف کے حوالے سے حکومتی کارکردگی زیرو ہے، تحریک انصاف ایک ایک محکمے پر چیک رکھے گی۔
میاں اسلم اقبال کے مطابق پنجاب حکومت کی صرف اپوزیشن کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرنے میں پھرتی نظر آرہی ہیں، لاہور میں جی پی او چوک پر احتجاج کیخلاف جھوٹے مقدمات کی نئی تاریخ رقم کردی گئی ہے، جہاں فائرنگ ملک بھر کے میڈیا کو نظر نہیں آئی لیکن جھوٹ میں پنجاب پولیس نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔