کراچی کی مشہور کھجور مارکیٹ میں مختلف اقسام کی ایرانی کھجور پہنچ چکی ہے، شہری بہترین کھجور کے لیے اسی مارکیٹ کا رخ کرتے ہیں، کیونکہ یہاں دیگر مارکیٹس کے مقابلے میں عمدہ اور سستی کھجور ملتی ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستانی کھجور اس بار مارکیٹ میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ جس کی وجہ تاجر بتاتے ہیں کہ بے موسمی بارشوں کی وجہ سے پاکستانی کھجور کمیاب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بار ایرانی کھجور کی بھرمار ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ایرانی کھجور کی درآمد کا سلسلہ جاری ہے اور قیمت میں بھی مناسب ہے۔
ایرانی اور عراقی کھجور
آل پاکستان کھجور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری حاجی حنیف کا کہنا ہے کہ ایران، سکھر اور بلوچستان کی کھجور مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی اور عراقی کھجور بہت آتی ہے لیکن ان کے مقابلے میں پاکستانی کھجور کی اتنی بڑی پروڈکشن نہیں ہے، جبکہ سکھر اور خیر پور کی کھجور کو اس بار بارش نے متاثر کیا ہے۔
کھجور کی قیمت میں اضافے کی وجہ
کھجور کے ریٹ کے حوالے سے حاجی حنیف کا کہنا تھا کہ ریٹ 20 فیصد بڑھ چکا ہے، جسکی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ حالیہ بارشوں میں ٹرانسپورٹرز نے کرایہ بڑھایا اور دوسری وجہ یہ ہے کہ ایران نے بھی ٹیکس بڑھا دیا ہے جس کا اثر کھجور کی قیمتوں پر پڑا ہے۔