چاند پر مدفون واحد شخص کون ہے؟

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چاند ایک بنجر اور ویران جگہ ہے جس میں زندگی یا تہذیب کے آثار نہیں ہیں لیکن وہاں ایک انسان ابدی نیند سورہا ہے، ڈاکٹر یوجین شومیکر، سیاروں کی سائنس کے علمبردار اورعلم نجوم کے بانی چاند پر دفن ہونے والا پہلے اور واحد شخص بن گئے جب ان کی راکھ لے کر خلائی جہاز لونرپروسپیکٹر 31 جولائی 1999 کو وہاں پہنچا۔

ڈاکٹر یوجین شومیکر کون تھے؟

ڈاکٹر شومیکر ایک امریکی ماہر ارضیات تھے جنہوں نے اپنی زندگی ستارچوں سمیت دیگر اجرام فلکی کے زمین اور دیگر سیاروں پر اثرات کا مطالعہ کرنے کے لیے وقف کررکھی تھی، انہوں نے فلکی ارضیات کے علم کو استوار کرنے میں مدد کی، جس میں ارضیات، فلکیات، اور طبیعیات کو ملا کر نظام شمسی کی ابتدا اور ارتقاء کا پتہ چلتا ہے۔

ڈاکٹر شومیکر نے اپالو مشن کے بہت سے چاند پر چلنے والے خلابازوں کو بھی تربیت دی، انہیں چاند کی چٹانوں اور گڑھوں کی شناخت اور تجزیہ کرنے کا طریقہ سکھایا، وہ ریاست ہائے متحدہ امریکا کے جیولوجیکل سروے کے فلکیات سے وابستہ تحقیقی پروگرام کے پہلے ڈائریکٹر تھے۔

ان کی اہم دریافت کیا تھی؟

ڈاکٹر یوجین شومیکر نے بہت سی اہم ابتدائی نوعیت کی دریافتیں کرتے ہوئے سائنس میں گراں قدر اضافہ کیا، وہ پہلے شخص تھے جس نے یہ ثابت کیا کہ ایریزونا میں موجود عظیم الشان گڑھا ’بیرنگر کریٹر‘ آتش فشاں پھٹنے سے نہیں بلکہ شہاب ثاقب کے ٹکراؤ کی مرہونِ منت ہے۔

انہوں نے معدنیات کی کئی نئی اقسام بھی دریافت کیں، جیسے کوایزائٹ اور اسٹیشووائٹ، جو ٹکراؤ کے باعث بلند فشار جھٹکوں پر مبنی لہروں سے تشکیل پاتی ہیں، اپنی سائنسدان بیوی کیرولین کے ہمراہ انہوں نے کومیٹ شومیکر لیوی 9 دریافت کیا، جو 1994 میں مشتری سے ٹکرا گیا تھا، جس نے دیوہیکل سیارے کے ماحول پر آگ کے گولے اور نشانات چھوڑے۔

ڈاکٹر شومیکر کی حادثاتی موت

ڈاکٹر یوجین شومیکر کی موت 18 جولائی 1997 کو آسٹریلیا میں شہاب ثاقب کے ٹکراؤ کے باعث بننے والے ایک گڑھے کی تلاش کے دوران ایک کار حادثے میں ہوئی، اس وقت ان کی عمر 69 برس تھی، ان کی بیوی کیرولین، جو دم دار سیاروں کی تلاش میں ان کی ساتھی بھی، اس حادثے میں زندہ بچ گئیں، ڈاکٹر شومیکر کی موت سائنسی برادری اور عوام کے لیے ایک المناک نقصان تھا، جنہوں نے کائنات کے اسرار کے لیے ان کے جذبے اور تجسس کو ہمیشہ پذیرائی دی۔

وہ چاند پر کیسے پہنچے؟

ڈاکٹر شومیکر کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ اور دوست ان کی چاند پر جانے کی خواہش کا احترام کرنا چاہتے تھے، جو انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی حاصل نہیں کی تھی، انہوں نے سیلیسٹس نامی ایک کمپنی سے رابطہ کیا جو آخری رسومات کے لیے یادگاری خلائی پروازیں پیش کرتی ہے۔

سیلسٹیس نے چاند پر شومیکر کی راکھ پر مشتمل ایک چھوٹا کیپسول لونر پروسپیکٹر مشن کے ایک حصے کے طور پر بھیجنے پر اتفاق کیا، جو ناسا کی تحقیقات کے ضمن میں چاند کی سطح کا نقشہ بنانے اور پانی اور برف کے آثار تلاش کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، مذکورہ کیپسول میں ڈاکٹر شومیکر کی تصویر، پیتل کا ایک ورق، جس پر ان کا نام اور متعلقہ تاریخیں درج تھیں، اور ’بیرنگر کریٹر‘ کا ایک ٹکڑا بھی شامل تھا۔

وہ چاند پر کہاں مدفون ہیں؟

خلائی جہاز لونر پروسپیکٹر نے، چاند کے گرد اپنے 18 ماہ کے مدار کے دوران، اہم ڈیٹا اور منظر کشی اکٹھی کی۔ ناسا نے 31 جولائی 1999 کو اپنا مشن مکمل کیا، جب ڈاکٹر یوجین شومیکر کی راکھ والے کیپسول لیے اس جہاز کو جان بوجھ کر چاند کی سطح پر گرا دیا گیا، اس عمل نے ڈاکٹر شومیکر کو قطب جنوبی کے قریب ان کے ہی نام سے موسوم ایک گڑھے کے اندر چاند پر مدفون واحد شخص بنا دیا ہے۔

ان کی تدفین کے کیپسول پر ولیم شیکسپیئر کے ڈرامہ رومیو اینڈ جولیٹ کے درج ذیل الفاظ کندہ کیے گئے تھے۔

’اور جب وہ مر جائے،

تو اسے لے کر چھوٹے ستاروں میں کاٹ دو

اور وہ آسمان کا چہرہ اتنا عمدہ بنا دے گا

کہ ساری دنیا رات کی محبت میں مبتلا ہو جائے گی

اور تپتے سورج کی عبادت نہیں کرے گی۔‘

اگرچہ ڈاکٹر شومیکر کی راکھ پر مشتمل کیپسول کا چاند پر صحیح محل وقوع مبہم ہے، لیکن اسے برقرار سمجھا جاتا ہے جسے کٹاؤ سے بھی تحفظ حاصل ہے، جو چاند پر موسمی تغیر کے عدم وجود کے باعث ’ای آنز‘ کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔

وہ اتنا اہم کیوں ہیں؟

ڈاکٹر یوجین شومیکر کی چاند پر تدفین نہ صرف ایک ذاتی خراج تحسین ہے بلکہ قمری دنیا کی تلاش سے انسانیت کے ربط کا ایک علامتی اشارہ بھی ہے، ڈاکٹر یوجین شومیکر ایک صاحبِ بصیرت اور ان ابتدائی سائنسدانوں میں شامل تھے جنہوں نے چاند اور اس کی تاریخ کے بارے میں ہماری سمجھ بوجھ میں قابل قدر اضافہ کیا۔

ڈاکٹر شومیکر نے سائنسدانوں اور ستاروں تک پہنچنے کے اپنے خواب سے رشتہ استوار کرنے والی پرجوشں نسلوں کو متاثر کیا، وہ زمین پر زندگی کی نزاکت اور خوبصورتی کی بھی یاددہانی کراتے ہیں، وہی زمین جسے کائناتی اثرات سے مسلسل خطرہ لاحق رہتا ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp