برطانوی شہزادی کیتھرین میڈلٹن نے ماؤں کے عالمی دن پر اپنے بچوں کے ہمراہ جاری کی گئی تصویر پر تحفظات سامنے آنے اور اس سے پیدا ہونی والی الجھن پر معذرت کرلی ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ معذرت پرنس اینڈ پرنسس آف ویلز کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی ہے، جس میں کیتھرین کی نشاندہی کے لیے ’سی‘ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔
کینسنگٹن پیلس کے ایکس پوسٹ پر جاری بیان میں شہزادی میڈلٹن کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی غیر پیشہ وار فوٹوگرافر کی طرح میں بھی کبھی کبھار ایڈیٹنگ کے تجربات کرتی رہتی ہوں۔ ہم نے پورے خاندان کی جو تصویر شئیر کی، میں اس سے پیدا ہونے والی کسی بھی الجھن کے لیے معذرت خواہ ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ماؤں کا عالمی دن منانے والے سبھی لوگوں کا دن بہت اچھا رہا ہو گا۔‘
مزید پڑھیں
اس سے قبل اس تصویر میں کی گئی ایڈیٹنگ سے متعلق تحفظات سامنے آنے کے بعد ذرائع ابلاغ کو تصاویر مہیا کرنے والے 4 عالمی اداروں نے تصویر کو واپس لے لیا تھا۔ مذکورہ تصویر برطانوی ولی عہد شہزاد ولیم نے کھینچی تھی اور جنوری میں شہزادی کیتھرین میڈلٹن کی سرجری کے بعد شاہی محل کی جانب سے جاری کی گئی ان کی پہلی تصویر تھی۔
تصاویر فراہم کرنے والے عالمی خبر رساں اداروں گیٹی امیجز، اے ایف پی، روئٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس نے یہ کہتے ہوئے تصویر کو واپس لے لیا تھا کہ اس میں شہزادی شارلٹ کے بائیں ہاتھ کی عکس بندی میں عدم مطابقت پائی جاتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ کینسنگٹن پیلس کے اکاؤنٹ سے تصویر شئیر کیے جانے سے قبل پرنسز آف ویلز نے اس میں ’معمولی ایڈجسٹمنٹ‘ کی تھی۔ کینسنگٹن پیلس کا کہنا ہے کہ وہ کیٹ اور ان کے بچوں کی اصل غیر ترمیم شدہ تصویر دوبارہ جاری نہیں کرے گا۔
تصویر میں شہزادی کیٹ بیٹھی ہوئی ہیں اور ان کے اطراف میں شہزادی شارلٹ، شہزادہ لوئی اور شہزادہ جارج موجود ہیں اور شہزادہ جارج نے اپنی والدہ کے گلے کے گرد بانہیں ڈالی ہوئی ہیں۔ یہ پرنسز آف ویلز کی 2 ماہ قبل پیٹ کی سرجری کے بعد جاری کردہ پہلی سرکاری تصویر تھی۔ اس سرجری کے بعد سے وہ عوام کی نظروں سے دور تھیں۔
مذکورہ تصویر ’پرنس اینڈ پرنسز آف ویلز‘ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیتھرین کے ایک پیغام کے ساتھ پوسٹ کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا ’گذشتہ 2 مہینوں میں آپ کی نیک خواہشات اور لگاتار ساتھ دینے کے لیے آپ کا شکریہ۔ سب کو ماؤں کا دن مبارک ہو۔‘
شاہی ذرائع کا کہنا ہے کہ تصویر کا مقصد یومِ مادر کے موقع پر محض ایک ’شوقیہ طور پر لی گئی خاندانی تصویر‘ شئیر کرنا تھا۔ تصویر کے حوالے سے سامنے آنے والے تحفظات میں کہا گیا کہ اس میں کی گئی ترمیم پیشہ ورانہ انداز میں نہیں کی گئی بلکہ محض ایک خاندانی تصویر کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔