عمران خان سے ملاقات کا دن اور میڈیا کوریج پر پابندی: ’کتنا خوف ہے ایک عمران کا‘

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن ہے۔ پنجاب پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی ہے۔ میڈیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی کوریج کرتا ہے، تاہم پولیس نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیریئر لگا دیے۔

پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کیمروں والی جگہ پر بھی قناتیں لگادیں، اس حوالے سے موقع پر موجود سکیورٹی اہلکار نے کہا ہے کہ میڈیا کو آج کوریج کی اجازت نہیں۔ سکیورٹی اہلکار نے کہا کہ میڈیا ٹیمیں جیل سے 2 کلو میٹر دور چلی جائیں۔

صحافی عمران اصغر نے ایک ویڈیو سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پرشیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یکم رمضان اڈیالہ جیل گیٹ 5 پر میڈیا کوریج پر پابندی لگادی گی، کیمروں کی جگہ قناتیں، ڈی ایس این جیزکی جگہ بیرئیر لگادیے، راولپنڈی پولیس کے شیر جوانوں نے میڈیا نمائندوں کے کھڑے ہونے پر بھی پابندی لگادی ہے۔

صحافی ثاقب بشیر نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ عجیب و غریب حرکتیں کیوں کرتے ہیں؟

تحریک انصاف کے حامی ایک صارف نے کہا کہ اب یہ عمران خان کے ساتھ کیا کرنے جا رہے ہیں؟

سارہ نامی صارف نے لکھا کہ اڈیالہ جیل کے باہر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں، عمران خان سے ملاقاتوں کی میڈیا کوریج پر پابندی لگادی گئی، اڈیالہ کے باہر ملاقاتی جن میں پی ٹی آئی رہنما، وکلا، اور خاندان کے افراد شامل ہیں وہ میڈیا ٹاک نہ کر سکیں اس لیے میڈیا کو 2 کلومیٹر دور جانے کا حکم دیا گیا ہے، انہوں نے لکھا کہ ایک عمران خان کا کتنا خوف ہے۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ محکمہ داخلہ پنجاب نے کیا ہے جس کا اطلاق 2 ہفتوں کے لیے ہوگا۔ اس پابندی کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروا رکھی ہے اور سماعت جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp