شتر مرغ عام طور پر اپنے علاقے میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ ان کے قریب جانے کے لیے احتیاط برتنا ضروری ہے کیونکہ شتر مرغ ایک طاقتور اور غصیلا پرندہ ہے جو انسان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ تاہم بیلجیئم کے ایک ریسکیو فارم میں موجود شتر مرغ اتنے نرم مزاج واقع ہوئے ہیں کہ وہ فارم میں آنے والے لوگوں سے گلے مل کر اپنی انسان دوستی کا ثبوت پیش کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
مغربی میڈیا کے مطابق، بیلجیئم کے ایک نواحی علاقے میں واقع جانوروں کے ریسکیو فارم میں سیر کے لیے آنے والے لوگ فارم کے ایک حصے میں بچھائے گئے کمبل پر آ کر بیٹھ سکتے ہیں۔ انسانوں کو وہاں بیٹھا دیکھ کر فارم کے اس حصے میں موجود چند شتر مرغ ان لوگوں کے قریب آ جاتے ہیں اور ان کے کندھوں پر اپنی لمبی گردنیں اس طرح رکھ لیتے ہیں گویا وہ ان کے گلے لگ رہے ہوں۔
41 سالہ وینڈی ایڈریئنز ایک سابق کارپوریٹ ایگزیکٹو ہیں جنہوں نے گوشت کے فارم سے شتر مرغ کے 2 بچوں کو بچایا تھا اور یہ فارم قائم کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کی واحد جگہ ہے جہاں شتر مرغ لوگوں سے گلے ملتے ہیں۔
وینڈی کے فارم میں اب 9 شتر مرغ، ایک گھوڑا، ایک پونی، ایک گدھا، کتے، مرغیاں، بطخیں، 14 بکریاں اور چند دوسرے جنگلی جانور ہیں۔ یہ جانور اکثر و بیشتر پناہ گاہوں یا جانوروں سے متعلقہ ریسکیو سروس کے ذریعہ اس فارم میں لائے جاتے ہیں۔
بیلجیئم میں حکام ہر سال مالکان کی غفلت کی وجہ سے متاثر ہونے والے تقریباً 7 ہزار جانوروں کو مختلف فارمز پر منتقل کرتے ہیں۔ وینڈی کا فارم بھی اینیمل ریسکیو نیٹ ورک کا حصہ ہے جہاں کئی جانوروں کو لایا جاتا ہے۔
اس فارم پر آٹزم، ڈپریشن، اضطراب یا منشیات کے عادی افراد کو علاج کے لیے لایا جاتا ہے اور فارم میں موجود جانوروں کی مدد سے ان کی تھیراپی کی جاتی ہے۔ بیلجیئم کے علاوہ ہمسایہ ملک نیدر لینڈز میں بھی ایسے کئی ’کیئر فارمز‘ ہیں جہاں جانوروں کو لوگوں کی تھیراپی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
وینڈی کا کہنا ہے، ’گھوڑوں کو بھی لوگوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن ہمارے شتر مرغ زیادہ حساس ہوتے ہیں، وہ یہاں آنے والے لوگوں سے ایک تعلق بنا لیتے ہیں، وہ سب کچھ محسوس کرسکتے ہیں، اگر آپ کے ذہن میں منفی خیالات ہوں تو وہ دور ہو جاتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک عام شتر مرغ کا وزن 175 کلو گرام تک ہو سکتا ہے۔ اگر ان کے ساتھ نرمی سے پیش آیا جائے تو وہ بھی انسانوں کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
اس فارم پر شتر مرغ کے ساتھ وقت گزارنے کا معاوضہ 65 یورو یا 71 ڈالر ہے۔ شتر مرغ کے ساتھ یہ سیشن عام طور پر ایک گھنٹے پر مشتمل ہوتا ہے یا یہ اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک شتر مرغ خود سے یہ ملاقات ختم نہ کردے۔