نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز لاہور پہنچ گئے

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حسن نواز اور حسین نواز لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی حصار میں جاتی امراء پہنچے۔ حسن نواز اور حسین نواز قریباً 7 برس کے بعد وطن پہنچے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے جاتی امراء پہنچنے پر دونوں بیٹوں کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اپنے بھائیوں سے ملاقات کی۔ دونوں بھائیوں نے اپنی والدہ کلثوم بیگم کی قبر پر جا کر فاتحہ خوانی بھی کی۔

احتساب عدالت: پانامہ ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 7 مارچ 2024 کو پانامہ ریفرنسز میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے تھے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے ایون فیلڈ ریفرنس میں حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔ حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا گیا، ان کے دائمی وارنٹ جاری ہوئے، ان 3 ریفرنسز میں دیگر ملزمان بری ہوگئے تھے، حسن اور حسین نواز 12 مارچ کو پاکستان آنا اور احتساب عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، دائمی وارنٹ معطل کیے جائیں۔

نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ قانون کہتا ہے کہ ملزمان عدالت میں پیش ہوں، پیش ہونا پڑے گا، اس کے بغیر وارنٹِ گرفتاری معطل نہیں ہوسکتے، وارنٹ کا مطلب ہی ملزم کو عدالت لانا ہے، حسن نواز اور حسین نواز کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔ جس کے بعد احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور پھر  محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ 14 مارچ تک کے لیے معطل کیے تھے۔

واضح رہے کہ نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسن نواز نے 6 مارچ 2024 کو وطن واپسی سے قبل وارنٹ معطلی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ حسین اور حسن نواز نے نیب ریفرنسز ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، احتساب عدالت نے 7 سال قبل دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp