پی ایس ایل سیزن9: افتخار احمد نے جیسن رائے کو کیا کہا جس پر جھگڑا ہوگیا؟

بدھ 13 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں جیسن رائے اور افتخار احمد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے پر جملے کسے اور غصے کا اظہار کیا۔ دونوں کھلاڑی بیٹنگ میں جارحانہ انداز اپنانے کے لیے مشہور بھی ہیں۔

پہلے مرحلے کے لیے کھیلے جانے والے آخری میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز جیسن رائے ملتان سلطانز کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے جلدی آؤٹ ہوگئے، فیلڈنگ پر موجود افتخار احمد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہاتھ سے اشارہ کیا اور طنزیہ جملے بھی کسے جس پر جیسن رائے غصے میں آگئے۔

جیسن رائے نے افتخار احمد کی بات کا جواب دیا جس پر افتخار احمد مزید غصے میں آگئے، دوسری جانب جیسن رائے بھی غصے میں موجود دکھائی دیے، اور پویلین کی جانب لوٹنے سے پہلے افتخار احمد کے جملوں کا جواب دیا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تکرار کے دوران ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان بیچ میں آگئے اور معاملے کو رفع دفع کرایا۔ بعد ازاں جیسن رائے غصے کی حالت میں ڈریسنگ روم میں پہنچے اور اپنے گلوز، ہیلمیٹ اور پیڈز ہوا میں پھینک دیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والے آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل کا آخری لیگ میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، جبکہ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 15.5 اوورز میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp