وزیراعظم شہباز شریف کا یوٹیلیٹی اسٹورز کا دورہ، کن اشیا میں کتنی کمی ہوئی؟

بدھ 13 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم کے جائزے کے لیے اسلام آباد میں مختلف یوٹیلٹی سٹورز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں دستیاب اشیا اور خدمات کے معیار کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران مستحقین سے ملاقات کی اور ان سے پیکیج کے حصول کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں بھی پوچھا۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یقینی بنایا جائے کہ رمضان پیکیج کے حصول کے لیے آئے مستحقین کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں بہت اچھے انتظامات کیے گئے ہیں، گھی کی قیمت میں 100 روپے فی کلو کمی کی گئی، دال اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں عام مارکیٹ کی نسبت 30 فیصد کمی کی گئی ہے جبکہ سسٹا آٹا 77 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 300 یونٹس کے علاوہ پاکستان بھر میں اشیا خور و نوش حقدار لوگوں تک پہنچانے کے لیے 1200 موبائل یونٹس کا انتظام کیا گیا ہے، یہ اشیا ان حقداروں کو پہنچائی جائیں گی جن کا ریکارڈ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 3 کروڑ 96 خاندانوں کو ملنے والے وظیفے میں 10 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، کفالت پروگرام کے ذریعے کشمیر اور گلگت بلتستان کے رجسٹرڈ شہریوں کو اضافی 2 ہزار روپے کی رقم دی جا رہی ہے

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے وزرا اور متعلقہ افسران کی ایک ٹیم مقرر کی ہے جو یوٹیلیٹی اسٹورز کے دورے کرے گی اور وہاں اشیا کی دستیابی اور معیار کی نگرانی کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اشیا کی قیمتوں میں کمی اور حقداروں میں رقوم کی فراہمی، یہ سب ملا کر 12 ارب روپے کا پیکیج ماہ رمضان کے دوران حقداروں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی اس کار خیر میں سب مل کر کردار ادا کریں گے اور رمضان کی برکتوں کے نتیجے میں ملک میں بہتری آئے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp